پٹنہ:بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کے چیئرمین الحاج ارشاد اللہ نے بورڈ کی جانب سے ایک ایمبولینس کا تحفہ مولانا سجاد میموریل ہسپتال امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کو دیا، امارت شرعیہ کے نائب امیر شریعت مولانا شمشاد رحمانی کی موجودگی میں ایمبولینس کی چابی سنی وقف بورڈ کے سی ای او خورشید احمد صدیقی نے مولانا سجاد ہسپتال کے سکریٹری مولانا سہیل احمد ندوی کو سونپا، اس موقع پر امارت شرعیہ کے دیگر عہدیداران بشمول چیئرمین سنی وقف بورڈ نے ہری جھنڈی دکھا کر ایمبولینس کو روانہ کیا۔Maulana Sajjad Memorial Hospital
اس موقع پر الحاج ارشاد اللہ نے کہا کہ کورونا کے دوران اس بات کا شدت سے احساس ہوا کہ بہت سارے مریض ایمبولینس اور دوا اور علاج وقت پر نہ ملنے کی وجہ سے اپنی جان گنوا بیٹھے، اسی وقت میرے دل میں یہ داعیہ پیدا ہوا کہ وقف بورڈ کی جانب سے ایمبولینس فراہم کراؤں گا، یہ بھی خدمت خلق ہے اور خدمت خلق بہت بڑی عبادت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امارت شرعیہ کے تحت قائم مولانا سجاد ہسپتال سے سماج کے غریب اور عام لوگوں کو بہت فائدہ ہوتا ہے، یہاں کم خرچ میں بہتر علاج کی سہولیات فراہم ہے، اس ہسپتال سے سماج کے ہر طبقے کو فائدہ پہنچ رہا ہے، ہمیں امید ہے مستقبل میں اس ادارے سے قوم و ملت کو مزید فائدہ پہنچے گا۔
مزید پڑھیں:Bihar State Sunni Waqf Board: بہار سنی وقف بورڈ کی جانب سے ضرورتمندوں کے درمیان کمبل تقسیم
امارت شرعیہ کے نائب امیر شریعت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی نے سنی وقف بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الحاج ارشاد اللہ امارت شرعیہ کے نہ صرف سچے خادم ہیں بلکہ ہر موقع پر ان کے مشورے سے امارت شرعیہ مستفیض ہوتی ہے، گزشتہ برسوں میں کورونا وبا کے دوران امارت شرعیہ نے اپنی بساط کے مطابق مریضوں کی بھرپور خدمت کی، امارت شرعیہ میں پہلے سے ہی ایمبولینس موجود ہیں اب ایک بڑھ جانے سے اس میں مزید سہولت ہوگی اور اس کا فائدہ سارے لوگ اٹھائیں گے۔