گیا: بہار میں وقف اراضی کو روینو ریکارڈ میں درج کرنے کی کاروائی ہوگی ۔ اب کوئی بھی املاک بغیر رجسٹر ٹو میں درج ہوئے کاغذات مکمل تسلیم نہیں کیے جائیں گے ۔ اسکی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ بہار حکومت کے محکمہ اقلیتی فلاح نے باضابطہ ہدایت نامہ بھی جاری کردیا ہے ۔دراصل بہار حکومت نے املاک کو خرد برد ہونے اور وقف اراضی پر قبضے ست نجات دلانے کی غرض سے یہ اہم فیصلہ لیا ہے ۔ رجسٹر ٹو میں درج ہونے پر اراضی کی مکمل حیثیت واضح رہے گی جب اگر کوئی اس پر فرضی طریقے سے دعوی بھی کرے گا تو وہ آسانی کے ساتھ دعوی سے خارج ہوگا۔
محکمہ اقلیتی فلاح کے مکتوب کے بعد ضلع گیا میں بھی ریونیو ریکارڈ میں درج کرنے کی کاروائی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن کی جانب سے شروع کرا دی گئی ہے۔ ڈاکٹر تیاگ راجن نے وقف قانون 1995 ' ترمیم شدہ 2013 ' کی دفعہ 37 کی ذیل دفعہ 02 اور 03 کے تحت وقف اراضی کو ریونیو ریکارڈ میں درج کرانے کے لیے سبھی ڈی سی ایل آر کو ہدایت جاری کردیا ہے ۔
اس حوالے سے آج ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے اقلیتی فلاح کے ضلع افسر جتیندر کمار نے بتایا کہ بہار حکومت کے محکمہ اقلیتی فلاح کی جانب سے سبھی ڈی ایم اور سروے کمشنر کو رجسٹر ٹو میں وقف املاک کو درج کرانے کے لیے کہا گیا ہے ۔ اس کے تحت سبھی جگہ پر کارروائی ہو رہی ہے۔وقف رول کے ضابطہ 52 کے تحت مذکورہ افسران کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ وقف اراضی کی تفصیلات رجسٹر ٹو میں درج کرائیں۔
2008 کے نوٹیفیکشن کے تحت ڈی سی ایل آر کو معاون وقف سروے کمشنر مقرر کیا گیا تھا ۔ ایسے میں وقف اراضی کا ریونیو اراضی ریکارڈ میں درج کرانے کی ذمہ داری ڈی سی ایل آر کی ہے۔ وقف ایکٹ 1995 کا حوالہ دیتے ہوئے محکمہ اقلیتی فلاح نے سبھی ضلع مجسٹریٹ کو وقف اراضی کو ریونیو ریکارڈ میں درج کرانے کی کاروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
وقف ایکٹ کی دفعہ 43 اور بہار وقف رول 2020 کے ضابطہ 8 کے تحت وقف بورڈ میں رجسٹرڈ وقف اراضی کی تفصیلات متولی انتظامیہ کمیٹی کے ذریعے ریونیو ریکارڈ خاص کر رجسٹر ٹو میں درج کرانے کے لیے متعلقہ سرکل آفیسر ریونیو آفیسر کو موصول کرایا جاتا ہے اور ان افسران کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اس کو انجام دیں ۔حالانکہ پہلے بھی رجسٹرٹو درج کروانے کی گنجائش تھی اور کئی املاک رجسٹر ٹو میں درج بھی ہیں تاہم پہلے اس معاملے کو افسران سنجیدگی سے نہیں لیتے تھے ۔اب اس ہدایت نامہ کے بعد بڑے پیمانے پر اندراج ہوگا۔
بہار میں تین ہزار درج ہیں
بہار میں قریب تین ہزار املاک وقف بورڈ میں رجسٹرڈ ہیں جسکے تحت زمین مکان مارکیٹ قبرستان دکان مساجد وغیرہ ہیں ۔ حالانکہ یہ تین ہزار املاک رجسٹرڈ املاک کی تعداد ہے ، گیا ضلع میں 157 املاک رجسٹرڈ ہیں اب رجسٹر ٹو میں درج ہونے سے وقف کو فائدہ ہوگا اور فرضی طریقے سے اراضی پر دعوی پیش کرنے والوں پر روک لگے گی۔
کیا ہوتا ہے رجسٹرٹو
رجسٹر 2 ایک اہم سر کاری دستاویز ہے جس میں زمین کی تمام معلومات درج کی جاتی ہیں ۔رجسٹر 2 میں جس شخص کا نام ظاہر ہوتا ہے وہ زمین کا اصل مالک ہوتا ہے ۔مثال کے طور پر اگر آپ نے کسی سے زمین خریدی ہے اور اور اسکا اندراج ' موٹیشن ' نہیں کرایا ہے تو اس صورت میں رجسٹر 2 میں اصل مالک وہی ہوگا جس شخص سے زمین خریدی گئی ہے ۔اگر کوئی سرکاری سہولت مثال کے طور پر اگر زمین حکومت لیتی ہے تو اسکی قیمت اور معاوضہ رجسٹرٹو میں جس کا نام درج ہے اسی کو ملے گا ۔اسلیے رجسٹری کے بعد موٹیشن بہت ضروری ہے جسکی وجہ سے رقبہ جو کیوالہ بھی کہلاتا ہے وہ موجودہ اصل مالک کو منتقل ہوجائے گا اور اسکی پوری تفصیل رجسٹر ٹو میں درج ہوگی ۔لگان یعنی ٹیکس کی رسید بھی رجسٹرٹو کے مطابق ہی کاٹی جاتی ہے ۔اب رجسٹر ٹو میں درج کرانے کی سہولت بہار میں آن لائن بھی دستیاب ہے۔
واضح ہوکہ بہار میں کئی وقف ارضی پر مالکانہ حق کولیکر کچھ مقدمات بھی عدالتوں میں زیرسماعت ہیں ۔ بہار میں کچھ ایسے بھی دعوے ہیں کہ کسی شخص نے اپنی املاک کو وقف کردیا لیکن اسکے بعد اسکو رجسٹر ٹو میں درج نہیں کرایا گیا جسکی وجہ سے اس املاک کی اصل حیثیت واقف کے نام اور ذاتی ملکیت ہی ظاہر ہوتی ہے جسکی وجہ سے واقف کے رشتے داروں نے اس پر اپنا دعوی بھی پیش کردیا ۔اب رجسٹرٹو میں درج ہونے کے بعد اصل حیثیت سرکاری دستاویزات میں ظاہر ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:Nitish Janata Durbar جنتادربار میں نتیش نے 51 لوگوں کے مسائل کو سنا ، افسران کو مناسب کاروائی کی دی ہدایت
وقف تحفظ کے تعلق سے کام کرنے والے سید اسعد محسن کا ماننا ہے کہ یہ بے حد ضروری ہے پہلے وقف تحفظ پر کام کرنے والے یا پھر کمیٹیوں کے ذمہ دران جو اسکی اہمیت جانتے تھے اور وہ واقعی وقف املاک تحفظ کو لیکر سنجیدہ تھے وہ اپنی سطح سے رجسٹرٹو میں درج کرانے کے کیے سرکل آفس کا چکر کاٹ کر کسی طرح درج کروارہے تھے ۔ لیکن اب حکومت کی ہدایت کے بعد یہ فائدہ ہوگا کہ افسران خود دلچسپی لیں گے اور کوئی سرکل آفیسر درج کرنے میں کوتاہی کرتا ہے تو وہ قانونی کاروائی کی زد میں آسکتا ہے ۔آزادی کے پہلے وقف کی گئی املاک بذریعہ توزیع وقف کی گئی ہے۔ توزیع سے جو بھی کھاتہ پلوٹ بناہے اسکی سبھی تفصیل ضلع ریکارڈ روم میں موجود ہے جسے افسران کو چاہیے وہ بورڈ کوفراہم کرادیں اور وقف بورڈ کو بھی چاہیے کہ سبھی ضلع کے ریکارڈ روم سے یہ دستاویزات بذریعے ڈی ایم اپنے یہاں منگواکر وقف بورڈ کے رجسٹر 26 میں اسے درج کریں۔