گیا: ریاست بہار کے نالندہ ضلع کے بہار شریف میں واقع مدرسہ عزیزیہ کو حکومت بہار نے دوبارہ آباد کرنے کے قواعد شروع کردیے ہیں۔ گزشتہ رام نومی کے موقع پر پیش آئے فرقہ ورانہ فساد کے دوران شرپسندوں نے مدرسہ عزیزیہ کو بھی نذرآتش کردیا تھا۔ جس میں کروڑوں کے نقصانات کا اندازہ لگایا گیا تھا، لیکن اب اس مدرسہ کی عمارت کو پہنچے نقصانات کی تلافی بہار حکومت نئی عمارت تعمیر کرا کر کریگی۔
بہار حکومت کے محکمہ اقلیتی فلاح نے تجویز کومنظور کرتے ہوئے مدرسہ کی عمارت کی تعمیر کے لیے 29 کروڈ 78 لاکھ 34 ہزار روپئے کی منظوری دی ہے۔ بہار محکمہ تعمیرات عمارت کو مدرسہ عزیزیہ کی عمارت کی تعمیر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ سنی وقف بورڈ پٹنہ کے چیئرمین ارشاد اللہ نے بتایاکہ اگلے 18 ماہ کے دوران تعمیراتی کام مکمل کرا کر عمارت مدرسہ منتظمہ کے سپرد کردی جائے گی۔ نو تعمیر مدرسہ عزیزیہ کی عمارت میں لائبریری، ہاسٹل، اساتذہ کی رہائش گاہ، فرنیچر، سولر سسٹم سمیت سبھی ضروری سہولتوں کی دستیابی ہوگی۔
جے ڈی یو بنکر سیل کے سابق صوبائی صدر اور جے ڈی یو سیاسی صلاح کار مولانا عمر نورانی نے ریاستی حکومت بالخصوص وزیراعلی نتیش کمار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، کہاکہ وزیر اعلی مدرسہ عزیزیہ کی نئی عمارت تعمیر کرانے کولیکر سنجیدہ تھے۔ بہار سنی وقف بورڈ کی جانب سے محکمہ اقلیتی فلاح کو مدرسہ عزیزیہ کو از سر نو تعمیر کرانے کی تجویز پیش کی تھی۔ جسے قبول کرتے ہوئے محکمہ نے حکومت کو پیش کیا اور وزیراعلی نے اسے منظور کرلیا ہے۔
بہار اسٹیٹ بلڈنگ کنسٹرکشن کارپوریشن لمیٹیڈ کو 29 کروڈ 78 لاکھ 34 روپے کی تخمینی لاگت سے تعمیراتی کاموں کی منظوری دی گئی ہے۔ مذکورہ رقم میں سے پہلی قسط کے طور پر دس کروڑ روپے منظور کردیے گئے ہیں اور تعمیر کے لیے محکمہ بلڈنگ کنسٹرکشن کو 'ورک آڈر' بھی دے دیا گیا ہے۔ اس رقم سے جلد ہی تعمیراتی کام شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نتیش کمار کی قیادت والی ریاستی حکومت کا یہ تاریخی قدم ہے اور یہ مدرسہ عزیزیہ کو پھر سے آباد کرنے کی کوشش ہے۔ جو نا صرف بہار شریف بلکہ ملکی سطح پر اہمیت کا حامل ہے۔ تحریک آزادی کا گواہ بھی یہ مدرسہ ہے، جسے شرپسندوں نے رام نومی فساد کے دوران تباہ کر دیا تھا۔
مدرسہ عزیزیہ کے پرنسپل مولانا شاکر قاسمی نے خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ شر پسند عناصر نے مدرسہ کے وجود اور تاریخ کو مٹانے کی کوشش کی اور یہاں اس فساد میں سب سے بڑا نقصان نا صرف مدرسہ کی عمارت تباہ ہوئی بلکہ قریب 4500 نایاب اور بیش قیمتی کتابیں جل کر خاکستر ہوگئی تھیں۔ وزیراعلی نتیش کمار نے مدرسہ کو دوبارہ اسی وقار اورعالیشان عمارت کے ساتھ شروع کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ جسے انہوں نے منظوری دیکر پورا کردیا ہے اور ساتھ ہی پرانی تاریخی عمارت کو محفوظ رکھا ہے اور اسکی تزئین کاری کرانے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے اس دوران محکمہ اقلیتی فلاح کے وزیرزماں خان، وزیرمالیات وجے چودھری، محکمہ تعمیرات عمارت کے وزیر اشوک چودھری اور چیف سکریٹری عامر سبحانی کے ساتھ وقف بورڈ مدرسہ بورڈ کے چیئرمین اور صغری وقف اسٹیٹ کی کمیٹی کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہاکہ سبھی کی مشترکہ کوششوں کے سبب یہ ممکن ہوپایا ہے۔ وزیراعلی نتیش کمار کے اس تاریخ ساز فیصلے کا مسلمانوں کے ساتھ یہاں کے بردران وطن نے بھی خیر مقدم کیا ہے۔ ایک تاریخی مدرسہ پھر سے اسی روایت کے تحت غریب بے سہارا یتیم بچے و بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں شب وروز کوشاں ہوگا اور پہلے کی طرح ہی ملک وریاست کی ترقی خوشحالی کا مظہر ہوگا۔
مدرسہ تجدید کاری اسکیم کے تحت ملی منظوری
سال 24-2023 کے تحت بہار ریاست مدرسہ سدھی کرن منصوبہ 'مدرسہ تجدید کاری اسکیم' کے تحت مدرسہ عزیزیہ مرارپور بہار شریف نالندہ کی تعمیر نو کی منظوری دی گئی ہے۔ محکمہ اقلیتی فلاح کے جوائنٹ سکریٹری و ڈائریکٹر ڈاکٹر عامر آفاق احمد فوزی کے مکتوب مورخہ 19.09.2023 کے مطابق مدرسہ تجدید کاری اسکیم کے تحت مدرسہ عزیزیہ کی عمارت کی تعمیر جس میں لائبریری، ہاسٹل، مدرسہ عملہ کی رہائش گاہ، اسکول اور فرنیچر، سولر سسٹم، چہار دیواری کی تعمیر اور احاطہ کی تزئین کاری اور پرانی عمارت کی مرمت وغیرہ کے لیے بہار بلڈنگ کنسٹرکشن کارپوریشن کو انتظامی امور کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کام کو اگلے 18 ماہ میں مکمل کرنا ہے، محکمہ کو ورک آڈر بھی دے دیا گیا ہے۔
بی بی صغری نے کیا تھا قائم
مدرسہ عزیزیہ بہار کے قدیم مدارس میں ایک ہے۔ یہ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے ساتھ سنی وقف بورڈ پٹنہ سے رجسٹرڈ ہے۔ سنی وقف بورڈ سے اسلیے رجسٹرڈ ہے کیونکہ اسکی املاک اور زمین بی بی صغری وقف اسٹیٹ کے تحت سنی وقف بورڈ سے منسلک اور وقف ہے۔ مدرسہ عزیزیہ بورڈ سے ملحق ہے تو وہ سرکاری منظور شدہ مدرسہ ہے۔ یہاں حکومت کے بحال کردہ اساتذہ اور عملہ ہیں۔
بی بی صغری مرحومہ جو نالندہ ضلع ہی نہیں بلکہ بہار کی سب سے بڑی عطیہ دہندہ خاتون ہیں۔ انہوں نے ملک کی آزادی سے پہلے 1896 میں 16 اضلاع میں پھیلی ہوئی جائداد کو وقف کردیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس وقت انکی املاک کی آمدنی قریب ڈیڑھ لاکھ روپے تھی۔ سنہ 1910 میں مدرسہ عزیزیہ کی بھی انہوں نے بنیاد رکھی تھی۔ مرحومہ بی بی صغری نے اپنے حیات میں ہی اپنے شوہر عبد العزیز مرحوم کے ایثار ثواب کی غرض سے مدرسہ قائم کیا تھا۔ جسکا نام انہوں نے اپنے شوہر کے نام سے منسوب کرتے ہوئے مدرسہ عزیزیہ رکھا۔
بی بی صغری نے نا صرف مدرسہ کو قائم کیا بلکہ انہوں نے اس وقت مدرسہ کے نام 3 ایکڑ 26 ڈسمل زمین کے ساتھ اپنے بیش قیمتی سامانوں، جس میں مہنگے اور بیش قیمتی فرنیچر بھی شامل تھے۔ اسے مدرسہ کو وقف کردیا تھا۔ مدرسہ عزیزیہ بہار کی تاریخ کا ایک قدیم مدرسہ ہے اور یہاں درجہ اول تا فضیلت تک کی تعلیم ہوتی ہے۔ ساتھ ہی بہار بورڈ کے نصاب کے مطابق عصری تعلیم بھی ہوتی ہے۔
- بہار میں پھر تشدد، نالندہ میں فائرنگ سے ایک شخص کی موت، ساسارام میں دھماکہ
- 'بہار میں فساد کی سازش کرنے والے واٹس گروپ میں 456 افراد شامل تھے' ای او یو کا انکشاف
مدرسہ عزیزیہ کا احاطہ 3 ایکڑ سے زیادہ اراضی پر واقع ہے۔ حکومت کی منظوری کے تحت پرانی عمارت جو بی بی صغری نے اپنے حیات میں بنوایا تھا، جسے رام نومی کے دوران پیش آئے فرقہ ورانہ فساد کے دوران شرپسندوں نے تباہ کردیا تھا۔ اس عمارت کو منہدم نہیں کیا جائے گا، بلکہ اسکی مرمت اور تزئین کاری کی جائے گی۔ کیونکہ یہ ایک تاریخی عمارت ہے اور اسکا اسٹکچر بھی خاص ہے۔ اس وجہ سے اسکو آباد رکھا جائے گا۔ نئی عمارت اسی احاطے میں تعمیر ہوگی، جس میں 18 کلاس روم، 150 بچوں کے لیے ہاسٹل، کانفرنس ہال، سائنس لیب، مطبخ، لینگویج لیب وغیرہ تعمیر ہونگے اور ساتھ ہی نئے فرنیچر ہوگا، باونڈری کے ساتھ احاطے کو پھول پودوں سے سجایا جائے گا۔
رام نومی فساد کے دوران مدرسہ کو بنایا گیا تھا نشانہ
بہار میں اسی برس 2023 میں رام نومی کے موقع پر پرتشدد واقعہ ہوا تھا۔ جس میں وزیراعلی نتیش کمار کے آبائی ضلع نالندہ کے بہار شریف میں جانی ومالی نقصانات کاسامنا کرنا پڑا تھا۔ یہاں سب سے زیادہ مدرسہ عزیزیہ مرارپور کو نقصان پہنچا تھا۔ مدرسے کی قریب ایک کروڈ روپے کی مالیت جل کر خاکستر ہوگئیں تھیں، حالانکہ بہار پولیس نے فساد پھیلانے والوں کا انکشاف کرتے ہوئے انہیں جیل بھی بھیج چکی ہے۔
لیکن مدرسہ عزیزیہ چونکہ ایک تاریخی مدرسہ ہے۔ قائم ہونے کے بعد تاحال ملک وریاست کی ترقی خوشحالی کے لیے لا تعداد افراد کو بے پناہ صلاحیتوں کا مالک بناکر، انہیں نامور اور معروف ہونے میں نمایاں تعاون پیش کیا ہے۔ اس فساد کے بعد ملکی سطح پر حکومت سے مدرسہ کو اسی شان کے ساتھ آباد کرنے کی مانگ اٹھی تھی کیونکہ یہ سرکاری مدرسہ بھی ہے، جس وقف اسٹیٹ کے تحت ہے اس صغری وقف اسٹیٹ سے سالانہ حکومت کے اہم ادارہ وقف بورڈ کو لاکھوں کا ٹیکس ملتا ہے۔ اب حکومت نے اس مانگ کو پورا کردیا ہے۔