پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے بہار میں 7 پارٹیوں پر مشتمل عظیم اتحاد حکومت قائم کرنے کے بعد 10 لاکھ سرکاری نوکری اور 10 لاکھ روزگار فراہم کرنے کے اپنے اعلان کو عملی شکل دینے کی کوشش تیز کر دی ہے. جس کے تحت حکومت مختلف محکموں سے خالی پڑے عہدوں کی تفصیلات کی لسٹ طلب کر رہی ہے، ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں تقریباً 8 ہزار نئے عہدوں کی بحالی کرنے کا تاریخی فیصلہ لیا گیا ہے. محکمہ اصلاحات اراضی و محصولات میں امین اور مختلف زمروں کے عہدوں پر بحالی کی تجویز منظور کی گئی جب کہ دیگر محکموں میں بھی سینکڑوں نئے عہدے وضع کیے جانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ Bihar Government has again created 8000 Posts for Employment
یہ بھی پڑھیں:
وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ہوئی ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں 16 ایجنڈوں کو منظوری دی گئی ہے. میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ کابینہ سکریٹریٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے کہا کہ محکمۂ صحت کی تجویز کو منظوری دیتے ہوئے ریاست میں ہر طرح کے نرسنگ کورسز میں زیر تعلیم و زیر تربیت طلبا و طالبات کو انٹرن شپ کی مدت میں اب ڈیڑھ ڈیڑھ ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے مزید کہا کہ جن محکموں میں نئے عہدے وضع کیے گئے ہیں ان میں 6300 امین، 259 سروے افسر، 518 قانون گو، 518 سروے کلرک، 200 جیل اہلکار کو بحال کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے. ساتھ ہی 3216 نرسنگ انٹرن شپ طلبا و طالبات کو 1500 روپے کا ماہانہ وظیفہ ملے گا. اسی طرح پارا میڈیکل اور پارا ڈینٹل کورسز کے لیے ریاست بھر میں 2495 کو وظیفہ دیا جائے گا۔