گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا کی پولیس نے حوالہ کا پیسہ ٹرانسفر کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ملزم شہر کے سول لائن تھانہ حلقہ کے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی ہیڈ شاخ کے باہر سے گرفتار کیا۔ اس کے پاس سے کئی بینک کھاتوں میں جمع کی گئی رقم کی رسید بھی برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کی پوچھ گچھ میں گرفتار شخص نے تشفی بخش جواب نہیں دیا۔ ایس ایس پی آشیش بھارتی کے مطابق گرفتار شخص نیپال میں رہ کر حوالہ کا غیرقانونی کاروبار چلانے والے ایک شخص کے لیے کام کرتا ہے۔ پولیس تفتیش کے ساتھ ساتھ اس تعلق سے محکمہ انکم ٹیکس اور ای ڈی کو اطلاع دی گئی ہے تاکہ غیرقانونی کاروبار کے ساتھ کالے دھن کے تعلق سے جانکاری حاصل کرسکے۔
ایس ایس پی آشیش بھارتی نے اس حوالے سے بتایاکہ گیا پولیس مجرمانہ واردتوں کو روکنے کے لیے مسلسل چیکنگ مہم چلارہی ہے، اسی دوران گزشتہ روز سول لائن تھانہ علاقہ میں واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی اے ٹی ایم کے باہر ایک شخص مشکوک حالت میں نظرآیا، جانچ ٹیم نے جب اس سے پوچھ تاچھ کی تو وہ گھبرانے لگا اور پولیس کو گمراہ کرکے بھاگنے کی کوشش کرنے لگا ،پولیس کو جب تشفی بخش جواب موصول نہیں ہوا تو اس شخص کی تلاشی لی گئی، اسکے بیگ سے کئی چیزیں برآمد ہوئیں اور ساتھ ہی کئی رسیدیں برآمد ہوئیں جو مختلف اکاونٹ میں جمع کی گئی رقم کی تھیں۔
پولیس نے جب اسے حراست میں لیکر سختی سے پوچھ تاچھ کیا تو اسنے اپنانام یش راج بتایا اورکہاکہ نیپال میں ایک غیرقانونیدھندہ کرنے والے شخص کے لیے کام کرتا ہے، اس کا کام یہ ہے کہ وہ کالے دھن کو لیکر اس شخص کے ذریعے دیے گئے بینک کھاتوں میں جمع کراتا ہے اسکے لیے اسے ہرماہ بیس ہزار روپے اور جتنی رقم ہوتی ہے اسکا کمیشن اسے ملتا ہے۔یش راج کی عمر انیس سال ہے اور وہ کئی برسوں سے اس کام میں ملوث ہے ۔
ایس ایس پی نے بتایاکہ پوچھ تاچھ میں یش راج نے بتایاکہ وہ گیا میں کئی لوگوں کے رابطے میں ہے اور وہاں سے کالے دھن جو انکم ٹیکس کی نگاہ میں نہیں ہے اس رقم کو لیتا ہے اور پھر اسے بینک کھاتوں کے معرفت جمع کرتا ہے ، اسکے پاس سے دوموبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں جو کافی قیمتی ہیں ، سم کارڈ فرضی نام پر استعمال کررہاتھا۔
مزید پڑھیں: Gaya SSP on Illegal Sim Card Business جعلی دستاویز پر سم کارڈ بیچنے کا معاملہ پیش آیا ہے
ایس ایس پی نے کہاکہ گیا میں کئی اور جگہوں پر اسکے ساتھ کام کرنے والے افراد ہیں جنکی پہچان کی جارہی ہے جلد انکی گرفتاری ہوگی ایس ایس پی کے مطابق گیا میں بڑے پیمانے پر اس طرح کا لین دین ہورہاہے اس میں تجارت کے شعبے سے جڑے افراد بھی شامل ہیں جو کالے دھن کو ٹرانسفر کرارہے ہیں۔