گیا: ریاست بہار اقلیتی کمیشن کے دورہ کے بعد ضلع اقلیتی فلاح دفتر کے کاموں میں مزید حرکت بڑھی ہے۔پہلی بار ضلع انتظامیہ کےسوشل ذرائع کی سائٹ پر لائیو کرکے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اقلیتی بہبود نے اسکیموں کی جانکاری دی ہیں۔ گزشتہ کل ہی کمیشن نے ڈی ایم سے کہا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ متعلقہ محکمہ اقلیتی اسکیموں کے تعلق سے تشہیر کرائے کیونکہ آج بھی بہار حکومت کی اسکیموں کے تعلق سے عام مسلمانوں کو زیادہ علم نہیں ہے۔
اس ہدایت کے بعد ضلع انتظامیہ کے افسران حرکت میں ہیں ، سوشل ذرائع پر آکر تفصیلی جانکاری فراہم کی جارہی ہے ، البتہ ضلع اقلیتی بہبود کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر راہل کمار نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ کمیشن کے دورہ کے بعد ضلع انتظامیہ کا محکمہ اقلیتی فلاح دفتر حرکت میں ہے ، اُنہوں نے اپنے لائیو نشر کے تعلق سے کہا کہ یہ ایک معمول کے مطابق ہوا ہے۔ بہار کے اکثر ضلعوں میں فیس بک اور دوسرے سوشل ذرائع پر ویڈیو اور لائیو کے ذریعے عوامی بہبود اسکیموں کی جانکاری دی جارہی ہے ۔
ضلع کے کئی محکموں کے افسران نے بھی اس سے قبل فیس بک پر آکر لائیو کیا تھا تاکہ وہ اپنے محکمہ کی اسکیموں ، کاموں اور اب تک کی پیش رفت کے ساتھ اس سے استفادہ کرنے کے کاغذی امور کے طور طریقوں کو بتا سکیں ، راہل کمار نے کہا کہ اسی کڑی میں اُنکے محکمہ کی جانب سے بھی لائیو کیا گیا ہے لیکن اتفاق ہے کہ کمیشن کے دورہ کے فوری ہی اُنکے محکمہ کی باری آگئی ۔ اس وجہ سے لوگوں کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ کمیشن کی ہدایت کے بعد یہ ممکن ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ البتہ یہ کہ کمیشن نے اپنے جائزہ کے دوران تشہیر کے تعلق سے خاص ہدایت دی تھی کہ اقلیتی علاقوں بستیوں اور محلوں تک حکومت کی اسکیموں کی جانکاری پہنچے ، اسکے لیے محکمہ کے ضلعی دفتر کو مزید کام کرنے ہونگے ، ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن نے پہلے ہی ڈسٹرک رابطہ عامہ کے آفیسر کو ہدایت دی ہے کہ ضلع میں مزید جگہوں پر بینر پوسٹر کے توسط سے اقلیتی اسکیموں کی جانکاری دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہوں۔
طالبات اقلیتی ہاسٹل میں کرائیں داخلہ
ضلع اقلیتی بہبود افسر کی جانب سے فیس بک لائیو کرکے منصوبوں خاص کر اقلیتی طبقہ کے لیے مخصوص اسکیموں کی جانکاری دی گئی ہے ۔راہل کمار نے شہر گیا سے باہر کی طالبات کو کہا ہے کہ اگر انہیں ہاسٹل میں رہنے کی ضرورت ہے تو وہ اقلیتی فلاح کے ہاسٹل میں داخلہ لیں یہاں ہاسٹل اسکیم کے تحت ماہانہ ایک ہزار اور خوراک اسکیم کے تحت اناج بھی ہرماہ دیا جاتا ہے ۔
محکمہ کے ویب سائٹ پر درخواست دیں ، سلیکشن کے بعد انکا داخلہ لیا جائے گا یہاں تمام تر سہولیات دستیاب ہیں ۔ ہاسٹل میں رہنے کے لیے صرف 300 روپے ماہانہ فیس لگتی ہے ۔انہوں نے اپنے فیس بک لائیو میں طلبا وطالبات سے جڑی اسکیموں پر زیادہ زور دیا ہے جیسے وزیراعلی اقلیتی طلبہ حوصلہ افزائی اسکیم ، پری میٹری اور پوسٹ میٹرک ، انٹر فرسٹ ڈیویزن اور دیگر اسکیموں کی تفصیلی جانکاری دی گئی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:اقلیتی کمیشن بہار حکومت نے بی پی ایس سی سے وضاحت طلب کی
واضح ہوکہ گزشتہ روز بہار اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اور دیگر اراکین نے اسکیموں میں اقلیتی طبقے کے حصے داری کا جائزہ کلکٹریٹ میں میٹنگ کرکے لیا تھا ، جس میں کچھ اسکیموں میں خاطر خواہ حصے داری نہیں ہونے کی وجہ عدم جانکاری بتائی گئی تھی ، اس پر کمیشن نے تشہیر کے دائرے کو بڑھانے کی ہدایت دی تھی .