بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما و سابق مرکزی وزیر شاہنواز حسین کورونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔ وہ دہلی ایمس کے ٹراما سینٹر میں داخل ہیں۔
گزشتہ روز شاہنواز حسین نے ایک ٹوئٹ کر اطلاع دی کہ وہ کورونا مثبت ہوگئے ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے 'میں کچھ افراد کے رابطے میں آگیا جو کورونا مثبت تھے۔ آج میں نے خود کا ٹیسٹ کرایا، میری رپورٹ مثبت آئی ہے۔ ان سبھی لوگوں سے میری استدعا ہے جو گزشتہ دنوں میرے رابطے میں آئے ہیں، برائے مہربانی وہ حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق اپنا ٹیسٹ کرا لیں۔'
ایک اور ٹوئٹ میں انہوں ایمس میں داخل ہونے کی بھی اطلاع دی ہے۔ ٹوئٹ میں لکھا کہ 'میں نے خود کو ایمس ٹراما سینٹر میں داخل کر لیا ہے۔ میں بہتر ہوں، فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔'
واضح رہے کہ بی جے پی نے شاہنواز حسین کو بہار انتخابات کے تئیں اسٹار کیمپینر بنایا ہے، جس کے بعد انہوں نے کئی ریلیاں کیں اور عام اجلاس کو خطاب بھی کیا ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ بہار میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 8 اموات واقع ہوئی ہیں، جس کے بعد ریاست میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1019 ہوگئی ہے۔