الیکشن کمیشن نے پریس ریلیزمیں کہا کہ 'کووڈ 19 کے پیش نظر نیشنل ڈساسٹر منیجمینٹ اتھارٹی نے ہدایت دی تھی کہ 65 برس سے زائد عمر کے بیمار افراد، حاملہ خواتین اور دس سال سے کم عمر کے بچے گھر میں ہی رہیں گے اسے دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے 65 برس سے زائد عمر کے لوگوں کے لیے پوسٹل بیلٹ کی سہولت دی تھی اور لاء کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر وزارت قانون نے 19 جون کو اسے نوٹیفائیڈ بھی کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے بہار اسمبلی انتخابات اور ضمنی انتخابات کی تیاریوں کی مسلسل نگرانی کی اور ہر پولنگ مرکز پر ایک ہزار ووٹروں کو ہی ووٹ دینے کا فیصلہ کیا۔ بزرگوں اور غیر صحت مند افراد کے لئے ریاستی حکومت 34,000 سے زائد پولنگ سینٹرز بنا رہی ہے جو پہلے کے پولنگ سینٹرز سے 45 فیصد زائد ہیں۔ اس سے ریاست میں پولنگ مراکز کی تعداد بڑھ کر 1,06,000 ہو جائے گی۔ اس کی وجہ سے اس کام میں 1,80,000 سے زائد پولنگ ورکرز اور زیادہ وسائل کی ضرورت ہوگی۔
ان سب چیلنجوں اور دباؤ کے سبب الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ 65 برس سے زائد عمر کے ووٹروں کو پوسٹل بیلٹ کی سہولت نہیں دے گی لیکن 80 برس سے زائد عمر کے افراد اور معذور ووٹروں کے لئے یہ سہولت رہے گی۔