بہار اسمبلی انتخابات کے لیے تین مرحلوں میں ووٹنگ کا عمل پورا ہونے کے بعد منگل کو صبح آٹھ بجے سے گنتی شروع ہوئی۔ تاہم کورونا وبا کی وجہ سے بوتھوں کی تعداد میں اضافہ کئے جانے کے سبب حتمی نتائج آنے میں معمول سے زیادہ تاخیر ہوئی۔
نتائج کا اعلان ہوا تو ٹکاری سیٹ پر تکنیکی طور پر ووٹوں کی گنتی سے کانگریس امیدوار مطمئن نظر نہیں آئے جس کو لیکر ووٹوں کی گنتی کو ملانے میں تاخیر ہوئی.
گیا ضلع کے دس اسمبلی حلقوں کے نتائج کے تحت ضلع کے عوام نے راشٹریہ جنتادل پر سب سے زیادہ اعتماد کرتے ہوئے پانچ سیٹوں پر جیت درج کروائی ہے جس میں گروا حلقہ سے ونے یادو، بیلاگنج اسمبلی حلقے سے آرجے ڈی کے امیدوار ڈاکٹر سریندر پرساد یادو نے ساتویں مرتبہ جیت درج کی ہے اس کے علاوہ اتری حلقہ سے 2015 میں جیت درج کرنے والی خاتون کنتی دیوی کے بیٹے اجے یادو عرف رنجیت یادو نے جیت درج کی ہے. اس کے علاوہ بجرنگ دل چھوڑ کر آرجے ڈی میں شامل ہوئیں شیرگھاٹی حلقہ سے منجو اگروال نے جیت درج کی ہے. بودھ گیا سے دوسری مرتبہ آرجے ڈی کے کمار سروجیت نے جیت درج کی ہے .
اسی طرح این ڈی اے نے بھی پانچ سیٹوں پر قبضہ کیا ہے. گیا شہری حلقہ سے آٹھویں مرتبہ ڈاکٹر پریم کمار نے بی جے پی کی ٹکٹ پر جیت درج کی ہے جبکہ وزیرگنج حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار وریندر سنگھ نے جیت درج کی ہے.
این ڈی اے میں شامل ہندوستانی عوام مورچہ سیکولر نے گیا کی تین سیٹوں پر قبضہ کر لیا ہے.امام گنج سے پارٹی کے قومی صدر جیتن رام مانجھی، بارہ چٹی سے انکی سمدھن جیوتی دیوی، ٹکاری سے انل سنگھ نے جیت درج کی ہے.