ریاست بہار میں الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 102 امیدواروں کے پارلیمانی انتخاب لڑنے پر پابندی لگا دی ہے۔
الیکشن کمیشن نے ان تمام امیدواروں پر پابندی لگائی ہے جنہوں نے گزشتہ الیکشن میں اپنے اخراجات کی تفصیلات پیش نہیں کی تھی۔
ضلع پٹنہ اور گیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انکم ٹیکس کی ٹیم نے کام کرنا شروع کردیا ہے۔
ایڈیشنل چیف الیکشن کمشنر سنجے کمار سنگھ نے سابقہ پارلیمانی و اسمبلی انتخابات میں امیدوار رہ چکے 102 افراد کے انتخابات لڑنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
سنگھ نے بتایا کہ انتخابات کے مد نظر انکم ٹیکس کی پانچ پانچ رکنی ٹیمیں مختلف اضلاع میں تعینات کر دی گئی ہے ۔ محکمہ انکم ٹیکس نے ریاستی دفتروں میں بھی الیکشن سیل قائم کیا ہے جن میں انکم ٹیکس کے افسران تعینات رہیں گے۔
ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد پورے ملک میں تمام سیاسی ریلیوں اور عوام کو متاثر کرنے والے سیاسی پروگرام پر پابندی لگا دی گئی ہے لیکن الیکشن کمیشن نے بہار دیوس(یوم بہار) کے موقع پر کچھ شرائط کے ساتھ تقریبات کی منظوری دی ہے، جس میں یہ واضح کیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہ ہو۔