ریاست بہار کے ضلع گیا میں سنویدھان بچاو سنگھرش مورچہ نے لاک ڈان کی معیاد بڑھائے جانے کا خیرمقدم کیاہے ، مورچہ کی جانب سے کہاگیاکہ انسانیت کو اس وبا سے بچانے میں سب کے تعاون کی ضرورت ہے۔
تاہم لاک ڈاؤن کے دوران حکومت اور انتظامیہ کی ذمے داری بڑھ گئی ہے کہ غریب وبے سہارا افراد تک اشیاء خوردنی ہرحال میں پہنچائی جائے۔
لاک ڈاؤن کے پہلے مرحلے میں کئی مقامات پر غریب ، بے سہارا اور یومیہ مزدوروں تک امداد حکومتی سطح سے نہیں پہنچی ہے ۔
یومیہ مزدوروں تک صرف اشیاء خوردنی ہی نہیں بلکہ دیگرضروریات کے لئے مالی مددبھی دی جائے ۔ اگر حکومت مدد پہچانے میں کوتاہی کرتی ہے تو کورونا سے زیادہ فاقہ کشی سے موتیں ہونی شروع ہوجائیں گی۔
سنویدھان بچاو سنگھرش مورچہ کے کنوینر وبارہ چٹی کے ضلع پریشد کے رکن عمیر احمد خان عرف ٹکا خان نے کہاکہ اس کورونا سے وبا سے بچنے کا واحد راستہ لاک ڈاؤن ہے ۔
ایسی صورتحال میں وزیراعظم نے صحیح فیصلہ لیا ہے، لیکن اب حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر پہل کی جانی چاہئے کہ کوئی بھی غریب خاندان بھوکا نہیں رہے۔
کورونا سے بچانے کے چکر میں بھوک سے موت نہیں ہونی چاہئے ،اگر حکومت نے ہرسطح پر راحتی کام نہیں کیاتو نتائج بڑے خطرناک ہوسکتے ہیں۔