بہار کے ضلع کیمور کے بھبھوا تھانہ علاقہ کےدمدم پنچایت سے بی ڈی سی عہدہ کے امیدوار چھوٹو گونڈ کو نامعلوم بدمعاشوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا، مقتول بھبھوا تھانہ کے سارنگ پور موضع کا رہاٸشی بتایا گیا ہے۔ پولس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ کے حوالہ کر دیا ہے۔
جانکاری کے مطابق بھبھوا تھانہ علاقہ کے سارنگ پور گاؤں کا رہائشی چھوٹو گونڈ گندم کے کھیت میں اپنے دوست کے ساتھ آبپاشی کرنے گیا تھا، اسی دوران بدمعاشوں نے چھوٹو گونڈ کو گولی مار دی، جس سے اس کی ہلاکت ہو گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ مقتول آئندہ پنچایت انتخابات میں دمدم پنچایت سے تعلق رکھنے والے بی ڈی سی کا امیدوار تھا، جو انتخاب لڑنے کی تیاری کر رہا تھا اور انتخابی مہم میں مصروف تھا۔
مقتول کے بڑے بھائی تر یلوکی گونڈ نے بتایا کہ دو گولیوں کے چلنے کی آواز سنی گئی، جب وہ گاؤں والوں کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچا تو اس نے اپنے بھائی کو مردہ پایا اور قاتل فرار ہوگئے تھے۔
حال ہی میں جنوری میں بھبھوا شہر میں تھانہ سے کچھ فاصلے پر ایک موبائل کاروباری کا قتل کرنے کے بعد مجرم موٹرسائیکل سے فرارہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ کچھ دن قبل بھگوان پور میں موٹرسائیکل شو روم میں جراٸم پیشوں نے آگ لگا دی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ ضلع بھر میں بڑھتے جرائم پیشوں نے انتظامیہ اور لاء اینڈ آرڈر پر ایک بار پھر سے سوال کھڑے کر دیے ہیں، مستقل ہو رہے جرائم کی واردات سے مقامی افراد میں بی چینی پائی جا رہی ہے۔