فلمی دنیا میں شہنشاہ جذبات کے نام سے مشہور اداکار دلیپ کمار کے انتقال کی خبر جیسے ہی عام ہوئی، عام لوگوں میں رنج و غم کا ماحول پیدا ہو گیا۔ دلیپ کمار گزشتہ کئی مہینوں سے مسلسل بیمار چل رہے تھے، آج ممبئی کے ایک پرائیویٹ ہسپتال میں انہوں نے آخری سانس لی۔ وہ 98 سال کے تھے، ایک زمانے تک انہوں نے فلمی شائقین کے دلوں پر راج کیا۔ مغل اعظم ان کے فلمی کیریئر کا سب سے بڑا بلاک بسٹر فلم مانا جاتا ہے، دلیپ کمار کے انتقال سے ان کے کروڑوں چاہنے والوں کے آنکھیں نم ہیں۔
ارریہ ضلع پریشد کے چیئرمین آفتاب عظیم عرف پپو عظیم نے کہا کہ یوسف خان عرف دلیپ صاحب ہمارے والد و سابق وزیر مرحوم عظیم الدین سے گہرے مراسم تھے، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں دوران تعلیم دلیپ صاحب ہمارے والد صاحب سے سینئر تھے، والد صاحب کا جب بھی ممبئی سفر ہوتا تو دلیپ صاحب سے ضرور ملاقات کے لئے جاتے تھے۔ دلیپ صاحب جتنے عمدہ اداکار تھے اس سے کہیں زیادہ خلیق اور ملنسار انسان تھے۔ فلمی دنیا میں ان کی عظیم خدمات کی وجہ سے انہیں دادا فالکے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔