ممبئی: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی قیادت میں مہاراشٹرا کے ایم ایل اے کپیل پاٹل کو جنتا دل یونائیٹڈ کا قومی جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ جے ڈی (یو) کے قومی صدر اور لوک سبھا میں پارٹی کے لیڈر، ایم پی راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے آج یہ تقرری کی۔ کپیل پاٹل راشٹرا سیوا دل کے قائم مقام ٹرسٹی ہونے کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر قانون ساز کونسل میں سوشلسٹ نظریات کے واحد قانون ساز ہیں۔ سوشلسٹ لیڈر باپو صاحب کردتے کے بعد قومی سطح پر کسی سوشلسٹ تحریک کے کارکن کو دئے جانے والا یہ ایک بڑا اعزاز ہے۔ Kapil Patil JDU National General Secretary
یہ بھی پڑھیں: Bihar JDU Membership ساٹھ لاکھ افراد کو جنتا دل پارٹی کارکن بنانے کا ہدف
کپیل پاٹل مسلسل تین مرتبہ ممبئی میں اساتذہ کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ تعلیم کے حق اور اساتذہ کے احترام کے لیے وہ قانون ساز کونسل میں اور قانون ساز کونسل کے باہر سڑک پر آکر آواز اٹھا چکے ہیں۔ پسماندہ اور مظلوموں کے لیے جدوجہد کرنے والے رہنما کے طور پر ان کی ایک مخصوص شناخت ہے۔ ملک بھر میں سوشلسٹ تحریک میں کارکنوں اور اداروں پر ان کی اچھی گرفت ہے۔ منڈل کمیشن تحریک اور او بی سی تحریک میں ان کا اہم تعاون رہا ہے۔ انہوں نے چھاترا بھارتی، گاندھی امبیڈکر فاؤنڈیشن، نو نرمان سکھشن سنستھا اور شکشک بھارتی کے قیام کی قیادت کی۔ کپیل پاٹل انا ہزارے کی بدعنوانی مخالف تحریک میں بھی ان کے ساتھ تھے۔ انہوں نے سیکولر سوشلسٹ نظریات کے لیے کبھی سمجھوتہ نہ کرنے والی مثال قائم کی ہے۔ اس کے باوجود ان کے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے اچھے تعلقات ہیں۔
یو این آئی