پٹنہ: بہار اسمبلی میں اپوزیشن رہنما تیجسوی یادو نے ایم آئی ایم سے آر جے ڈی میں شامل ہوئے چاروں اراکین اسمبلی شاہنواز عالم، اظہار اسفی، رکن الدین اور انظار نعیمی کا ریاستی دفتر میں استقبال کیا۔ آر جے ڈی کے ریاستی صدر جگدا نند سنگھ نے بھی تمام لوگوں کا استقبال کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔ اس دوران تیجسوی یادو نے چاروں اراکین اسمبلی کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ 'سیمانچل کی ہمہ جہت ترقی کے لیے وہ اپنی قیادت میں منظم تحریک چلائیں گے اور سڑک سے ایوان تک سیمانچل کے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے آواز بلند کریں گے۔ Bihar AIMIM Rebel MLAs Press Conference
تیجسوی یادو نے کہا کہ 'سیمانچل کی ترقی کے لیے پہلے سے ہی ایک کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے، اب سیمانچل ڈیولپمنٹ کمیشن کے قیام کے مطالبے کے ساتھ آر جے ڈی ریاست گیر پیمانے پر تحریک چلائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں تیجسوی یادو نے کہا کہ ایم آئی ایم کے چاروں اراکین اسمبلی جو آر جے ڈی میں شامل ہوئے ہیں ان لوگوں نے اسی پارٹی سے اپنا سیاسی سفر شروع کیا تھا اور اب انہوں نے گھر واپسی کی ہے اس لیے میں تمام لوگوں کا آر جے ڈی خاندان میں خیر مقدم کرتا ہوں۔ AIMIM MLAs Join RJD
تیجسوی یادو نے ایم آئی ایم کے ریاستی صدر اخترالایمان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چاروں اراکین اسمبلی کے آر جے ڈی میں شامل ہونے سے آر جے ڈی بہار کی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے، تو کیا اخترالایمان بی جے پی کو بڑی پارٹی کے طور پر دیکھنا چاہتے تھے؟ اس سے انہیں ناراض نہیں ہونا چاہیے، اخترالایمان جس طرح کا بیان دے رہے ہیں انہیں زیب نہیں دیتا اور انہیں اس طرح کے بیان بازی سے پرہیز کرنا چاہیے۔ اخترالایمان کو خوش ہونا چاہیے کہ جس موقف کی وہ تائید کرتے رہے ہیں اسی پارٹی میں یہ لوگ شامل ہوئے ہیں۔ تیجسوی یادو نے مزید کہا کہ اخترالایمان بھی تو پہلے ہماری پارٹی میں تھے پھر یہاں سے نکل کر جے ڈی یو میں گئے، ہم نے تو کبھی انہیں دھوکے باز نہیں کہا، اس لیے انہیں چاہیے کہ بی جے پی مخالف پارٹیوں کے ساتھ مل کر کام کریں۔