ریاست بہار کے ضلع گیا میں عید کے چاند کا استقبال آتش بازی کے ساتھ ہوا۔ گھروں کی چھتوں سے پٹاخے پھوڑے گئے۔ آج بعد نماز مغرب چاند دیکھنے کا اہتمام لوگوں نے اپنے گھروں سے کیا۔ چاند نظر آتے ہی پٹاخے پھوڑے جانے لگے۔ حالانکہ اس مرتبہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے اجتماعی طور سے چاند دیکھنے کا اہتمام نہیں ہوا۔
گیا میں ایک روایت رہی ہے کہ کئی مقامات پر اجتماعی طور سے لوگ رمضان اور عید کا چاند دیکھتے ہیں، تاہم بندشوں کی وجہ سے اس بار ایسا نہیں ہوا۔ چاند دیکھنے کے بعد دعا مانگی گئی۔
خیال ہو کہ عالمی وباء کورونا وائرس انفیکشن کے پھیلاو کو روکنے کی غرض سے ملکی سطح پر لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ مذہبی مقامات پر اجتماعیت کے ساتھ عبادت پر روک ہے۔ ایسی صورتحال میں ضلع گیا کے علماء کرام نے پہلے ہی عید کی نماز اپنے گھروں میں ادا کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ انتظامیہ و ضلع پولیس نے بھی ڈی ایم اور ایس ایس پی کے توسط دی گئی ہدایت کے تحت مسجدوں و عیدگاہوں میں نماز عید بھیڑ لگاکر ادا نہیں کرنے کو کہا ہے۔ ایسا کرنے والوں پر قانونی کارروائی کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔