ریاست بہار کے گیا میں ضلع انتظامیہ نے گیا کے باشندوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے اپنے گھروں میں نماز ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
اس دوران ڈسٹرک ابھشیک کمار سنگھ نے کہاکہ رمضان المبارک کے اختتام کے بعد عید کا تہوار منایا جاتا ہے جو بنیادی طور پر ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کا تہوار ہے۔ تمام لوگ اس تہوار کو مناتے ہیں اور خدا سے سلامتی اور خوشحالی کی دعا کرتے ہیں۔
ڈی ایم نے کہا کہ 'عیدالفطر کا تہوار باہمی محبت اور بھائی چارے کے ساتھ منایا جائے ، ضلعی انتظامیہ گیا کے باشندوں کو عید کی مبارک باد اور نیک تمنائیں پیش کرتی ہے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج پوری دنیا کورونا وائرس سے لڑ رہی ہے، ایسی صورتحال میں کورونا سے تحفظ کے لئے حکومت ہند کی جانب سے 22 مارچ 2020 سے ملک میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اس کے پیش نظر انتظامیہ کی اپیل ہے کہ خوشی کا تہوار' عید الفطر' کو لاک ڈاؤن کے اصول وضوابط پرعمل درآمد کرتے ہوئے منائیں جیسے ماسک لگائیں ، سینیٹائزر کا استعمال ، معاشرتی دوری کو برقرار رکھتے ہوئے عید الفطر کی نماز اپنے گھروں میں ادا کی جائے۔