ضلع گیا کے وزیرگنج بلاک کے سکرداس نوادا پنچایت کے " گھریا" گاوں کے باشندوں نے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ 45 برس سے اوپر کے لوگوں نے ایک ساتھ ویکسین لی ہے اور اس کا فیصد سو فیصد ہے جبکہ اٹھارہ برس کے اوپر والے لوگوں کی شرح 90 فیصد سے زیادہ ہے جنہوں نے ویکسین لینے کی پہل خود کی ہے۔ اس گاؤں میں تقریباً سو فیصد ویکسینیشن ہونے میں پنچایت کے مکھیا کا کردار اور تعاون اہم ہے۔
گاؤں کے باشندے سنجے کمار سنگھ نے بتایا کہ سکرداس نوادا پنچایت کے کئی گاؤں کے لوگوں نے ویکسین لینے سے منع کردیا تھا، دن بھر محکمہ ہیلتھ کی ٹیم کے رہنے کے باوجود پانچ دس افراد ہی ویکسین لے رہے تھے، جس کے بعد مکھیا منوج کمار سنگھ نے اپنے گاؤں گھریا کے لوگوں سے بات کی اور انہیں ویکسینیشن کرانے کی اپیل کی جس کے بعد گاؤں کے لوگوں نے میٹنگ کرکے مشورہ کیا کہ ایک ساتھ سبھی ویکسین لیں اور گاؤں کا کوئی فرد ویکسین لینے سے بچے نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہاں کے لوگ بھی کورونا کی زد میں آکر بیمار ہوئے تھے۔ افواہ پھیلی ہوئی تھی کہ ویکسین لینے کے بعد کوئی ناگہانی حادثہ ہوسکتا ہے۔ تاہم یہاں کے لوگ پڑھے لکھے ہیں جن پر افواہوں کا زیادہ اثر نہیں ہوا ہے۔ خواتین نے مثالی کردار ادا کیا۔
گھریا گاؤں کے مردوں نے جہاں ویکسین لینے میں کوتاہی نہیں برتی اس سے کہیں زیادہ یہاں کی خواتین کورونا وبا سے محفوظ رکھنے اور اپنی اپنے گھروالوں کی زندگی سلامت رکھنے کے لیے نمایاں کردار پیش کیا۔ گاؤں کے لوگوں نے جب ویکسین لینے کی بات کہی تو سب سے پہلے یہاں کی خواتین نے ویکسین لینے کے لئے رضامندی ظاہر کی۔
گاؤں میں کیمپ لگنے سے قبل یہاں کی خواتین پاس کے گاؤں میں لگے ٹیکہ کاری کیمپ میں پہنچ کر ویکسین لیا، جس کی وجہ سے ویسے لوگ جو کورونا ویکسین کو لے کر ڈرے ہوئے تھے وہ بھی ویکسینیشن کرانے کو تیار ہوئے۔
لوگوں میں ویکسین لینے کا ایسا جنون تھا کہ قریب 125 گھروں والے گاؤں میں دو دنوں میں ویکسینیشن مکمل ہو گیا۔
نیکو کماری کہتی ہیں کہ ویکسینیشن کو لے کر یہاں ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کو بیداری کے لیے نہیں آنا پڑا کیوں کہ یہاں کے لوگ کورونا وبا سے محفوظ رہنے کے لیے خود بیدار تھے۔ ویکسینیشن سے ہماری زندگی محفوظ ہوگی اور وبا سے ہم محفوظ رہیں گے۔ خواتین نے نہ صرف خود ویکسین لی بلکہ رشتے داروں کو بھی لینے کو بیدار کیا ہے۔ افواہوں پر اسلیے دھیان نہیں دیا گیا کہ افواہ پھیلانے والے چند ہیں جبکہ ویکسین لینے کے لئے کہنے والی پوری دنیا ہے18 سے 44 عمر کے لوگوں میں تھی بیداری۔ 45 سال کے اوپر کے لوگوں کا سو فیصد ویکسینیشن ہونے کے بعد یہاں کے نوجوانوں نے گھریا کو مثالی گاؤں بنانے کے لئے مہم شروع کی تھی۔ 18 سے 44 سال کے عمر کے لوگوں نے آن لائن بکنگ کرکے ویکسین لی۔
گاوں کے اتپل کانت نے کہا کہ 18 پلس کے لوگوں میں نوے فیصد ویکسینیشن ہوگیا ہے جو نوجوان بچے ہیں وہ بھی ویکسین جلد ہی لیں گے۔ گاؤں کے لوگوں نے افواہوں دھیان نہ دیکر مثال پیش کی ہے۔
اس سلسلے میں مکھیا منوج کمار سنگھ نے کہا کہ ان کے پنچایت گھریا گاؤں 125گھروں کی آبادی ہے۔ ضلع گیا ہیڈ کواٹر سے قریب تیس کلو میٹر دور اس گاؤں کے ویسے چند افراد ویکسینیشن دور ہیں جو گاؤں میں فی الحال موجود نہیں تھے بقیہ سبھی نے لے لیا ہے۔ گاوں مثالی گاؤں کا کردار پیش کیا ہے۔ شروع میں افواہوں کی وجہ سے پریشانی ہوئی تاہم گاؤں میں ایجوکیشن ہونے کی وجہ سے زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسی طرح دوسرے گاؤں کو سو فیصد ویکسینیشن کرانے کی کوشش میں لگے ہیں۔
مزید پڑھیں:
چیئرمین اور ڈی ایم نے مشترکہ طور پر ویکسینیشن بیداری کارواں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا
گیا ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے پروگرام افسر نیلیش کمار نے کہا محکمہ ہیلتھ اور ضلع انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے کہ ویکسینیشن کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ گھریا گاؤں کے تعلق سے خبر موصول ہوئی تھی، گاوں سروے کرایا جائے گا جو کسی وجہ سے بچے ہوں گے انہیں ویکسین لگوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ واقعی یہ مثالی کردار گاؤں کے لوگوں نے ادا کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ کی طرف سے ضلع مجسٹریٹ سے گزارش کی جائے گی۔ مکھیا منوج کمار سنگھ اور گاؤں کو حوصلہ افزائی کے لیے توصیفی سند سے نوازا جائے کیونکہ یہ واقعی بڑا کام ہوا ہے اور مثال پیش کی گئی ہے۔