بارہمولہ (جموں کشمیر) : حکومت کی طرف سے وضع کی مختلف عوامی بہبود اسکیمز سے لوگوں کو آگاہ کرنے کی غرض سے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں انتظامیہ نے ٹنگمرگ بلاک میں ’’وکست بھارت سنکلپ یاترا‘‘ کا انعقاد عمل میں لایا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا ایسا پروگرام ہے جس میں مختلف محکمہ جات نے اپنے اپنے اسٹال نصب کیے تھے اور حکومت اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں کو مدعو کیا گیا تھا جنہوں نے اپنے تجربات عوام کے ساتھ شیئر کیے تاکہ وہ بھی حکومتی اسکیمز سے مستفید ہو سکیں۔
پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر ایس ڈی ایم ٹنگمرگ، الطاف احمد، موجود رہے ان کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں ٹنگمرگ علاقہ سمیت ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے لوگوں نے شرکت کی۔ لوگوں نے پروگرام کے حوالہ سے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا: ’’مرکزی سرکار گزشتہ برسوں سے عوام کو کئی اسکیموں سے روشناس کرا رہی ہے اور اس سے عام لوگوں کو کافی فائدہ مل رہا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: اننت ناگ میں وکست بھارت سنکلپ یاترا شروع
ایس ڈی ایم ٹنگمرگ نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’مشاہدے میں آیا کہ یہاں پر مختلف اسٹال لگائے گئے تھے جو ایسے افراد نے لگائے تھے جو سرکاری اسکیموں سے مستفید ہوئے اور ان میں خواتین کی بھی خاصی تعداد تھی جو کہ خوش آئند اقدام ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے پروگرام سے نہ صرف لوگوں کو حکومت کی جانب سے وضع کی گئی مختلف اسکیموں کے بارے میں جانکاری ملے گی بلکہ انہیں حوصلہ افزائی بھی ملے گی۔