بارہمولہ: شمالی کشمیر کے سرحدی قصبے اوڑی میں جموں و کشمیر پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اوڑی پولیس نے پیٹرولنگ کے دوران اوڑی کے لگاما گرکوٹ کراسنگ پر ایک شخص پولیس کو دیکھ کر بے چین ہوا اور پولیس سے دوری بنائے رکھی تاہم اوڑی پولیس نے اس شخص کی تلاشی لی۔
اوڑی پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کی تحویل سے تلاشی کے دوران 115 گرام چرس بر آمد کیا گیا۔ پلوامہ پولیس نے چرس ضبط کرکے منشیات فروش کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ حراست میں لیے گئے منشیات فروش کی شناخت آصف احمد ولد محمد نذیر ساکنہ ماچھی، حال اوڑی کے طور پر ہوئی ہے۔
اس ضمن میں پولیس اسٹیشن اوڑی میں کیس درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اوڑی پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی میں ملوث کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا اور اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی انجام دی جائے گی۔ ادھر، مقامی باشندوں نے منشیات کے خلاف جاری پولیس مہم کی سراہنا کی ہے۔ وہیں پولیس نے بھی عوام سے منشیات سے متعلق کسی بھی معلومات کو پولیس حکام تک پہنچانے کی اپیل کی ہے۔
مزید پڑھیں: Drug Peddlers Arrested in Bandipora: بانڈی پورہ میں دو منشیات فروش منشیات سمیت گرفتار
جموں و کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی کا جڑ سے قلع قمع کرنا حکومت یا کسی ایک ادارے کے بس میں نہیں ہے۔ انہوں نے عوام سے انتظامیہ کا ساتھ دیکر منشیات کے خلاف جاری جنگ میں تعاون دینے کی اپیل کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے مکمل خاتمے میں عوام کی مدد ناگزیر ہے۔