بارہمولہ: جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سیکورٹی فورسز نے ایک عسکریت پسند گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے لشکر طیبہ کے دو عسکریت پسند معاون کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ جموں و کشمیر پولیس نے پیر کو ایک پریس ریلیز کے ذریعے اس کی جانکاری دی ہے۔ پریس ریلیز میں پولیس نے کہا ہے کہ لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) تنظیم کے دو عسکریت پسند معاون کو اسلحہ اور گولہ بارود سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔ ریلیز کے مطابق پولیس نے ان کی پہچان فاروق احمد جو پٹن بارہمولہ کا رہنے والا ہے اور صائمہ بشیر ساکنہ چنکی پورہ سوپور کے طور پر کی ہے۔ آپ کو بتادیں کہ اس آپریشن میں بارہمولہ پولیس، آرمی کے 29 RR اور 2 Bn SSB کے اہلکار شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: Fled Militants Arrested بارہ مولہ میں پولیس حراست سے فرار ہونے والے دو عسکریت پسند گرفتار، پولیس
ان کے قبضے سے ایک پستول، دو پستول میگزین، پستول کے راؤنڈ پانچ دیسی ساختہ بم اور ایک ریموٹ کنٹرول دیسی ساختہ بم برآمد کیا گیا جس کا وزن تقریباً 2 کلو گرام تھا۔ پریس ریلیز کے مطابق گرفتار عسکریت پسند کے معاون نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ ایک سرگرم عسکریت پسند عابد قیوم لون کے ساتھ معاون کے طور پر کام کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ پٹن پولیس اسٹیشن میں اسلحہ اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ گرفتار عسکریت پسندوں کے معاون سے بھی سخت پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دونوں سے پوچھ گچھ میں اہم معلومات ملنے کا امکان ہے۔