شمالی کشمیر میں سوپور قصبہ کے دور دراز علاقہ شرپورہ میں سڑک کی خستہ حالی سے عوام کو سخت پریشانوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی باشندوں کے مطابق قریبا پانچ سال قبل شیرپورہ علاقے میں زمین کھسکنے کی وجہ سے سڑک کا ایک حصہ پوری طرح سے برباد ہوگیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مقامی آبادی نے چندہ کرکے سڑک کی مرمت کرکے اسے استعمال کے قابل بنایا۔ تاہم انتظامیہ کی جانب سے سڑک کی پوری طرح مرمت نہیں کی گئی۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے سڑک کی مرمت کے حوالے سے کئی بار رجوع کیا تاہم ’’سرکار ٹس سے مس نہیں ہوئی۔‘‘
خستہ حال سڑک کے باعث عوام کو عبور و مرور میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مریضوں کو اسپتال پہنچانے اور طلباء کو اسکول جانے میں گونا گوں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے بیک ٹو ولیج پروگرام پر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’ ایک جانب انتظامیہ عوام کو سہولیت پہنچانے کے بلند و بانگ دعوے کرتی ہے اور بیک ٹو ولیج جیسے پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں، تاہم زمینی سطح پر عوام کو سڑک جیسی بنیادی ضرورت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔‘‘
شیرپورہ کی عوام نے گورنر انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے خستہ حال سڑک کی جلد سے جلد مرمت کی گزارش کی ہے۔