جنوبی کشمیر میں ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے میں قائم جھگی بستی میں رہائش پذیر عوام کی شکایت ہے کہ لاک ڈائون اور بندشوں کے دوران اس بستی کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
لاک ڈائون کے دوران جہاں اس بستی میں رہنے والے افراد روزی روٹی کے لیے پریشان ہیں وہیں ان کی شکایت ہے کہ اس بستی میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے جراثیم کش ادویات کا چھڑکائو کیا گیا نہ ہی کسی سرکاری اسکیم کے تحت ان کی امداد کی گئی۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے جھگی میں رہائش پذیر عوام نے ضلع انتظامیہ سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم بھی کشمیری باشندے ہیں، پھر ہمیں کیوں سرکاری امداد سے محروم کیا جا رہا ہے؟‘‘
انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’سرکار یہاں ہماری امداد کے لیے نہیں آتی شاید اس لیے کہ ہم پسماندہ ہیں۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے سبب نافذ لاک ڈائون کے دوران ان مشکل ایام میں انہیں بالکل نظرانداز کیا گیا ہے۔
انہوں نے ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان کے علاقے میں طبی ٹیم معائنہ کرنے پہنچ کر جراثیم کش ادویات کا چھڑکائو کیا۔
اس سلسلے میں جب ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے سوپور میونسپلٹی کے ایکزیکٹیو افسر سمیر جان سے بات کی تو انہوں نے کہا ’’ہم جلد ہی اس علاقے میں جاکر صاف صفائی اور دوائی چھڑکنے کا عمل شروع کریں گے۔‘‘