انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور کے حالات چیلنج سے بھرپور تھے لیکن اب صورتحال تبدیل ہوچکی ہے اور مقامی لوگ آگے آ کر فوج کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل راجو نے یہ باتیں جمعرات کو یہاں کمیونٹی ریڈیو سٹیشن 'ریڈیو چنار' کا افتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔
انہوں نے کہا: 'ہم وادی میں بہت ہی مستحکم ماحول دیکھ رہے ہیں۔ تشدد کے سبھی پیرامیٹرز نیچے آ رہے ہیں۔ پتھرائو، ایجی ٹیشن اور بند کالوں کا سلسلہ بند ہو چکا ہے۔ یہاں کے لوگ امن کے خواہاں ہیں۔ وہ ماحول میں آ رہی تبدیلی کے فوائد سے مستفید ہونا چاہتے ہیں'۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'کورونا وائرس بھی کنٹرول میں آ چکا ہے۔ اقتصادی سرگرمیاں بحال ہو چکی ہیں۔ بڑی تعداد میں سیاح کشمیر آ رہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم صحیح راہ میں آگے بڑھ رہے ہیں'۔
لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو نے سوپور کے حالات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہاں کے لوگ آگے آ کر فوج کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: 'ہم آج سوپور کے لوگوں کے ساتھ مثبت انداز میں بات کرنے کے اہل ہیں۔ ایک وقت تھا جب سوپور کے حالات چیلنج سے بھرپور تھے۔ چیزیں تبدیل ہونے لگی ہیں۔ سوپور کے لوگ آگے آ کر ہمارے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ہم دونوں امن کی راہ پر چل پڑے ہیں'۔
لیفٹیننٹ جنرل راجو نے کہا کہ جی او سی کلو فورس میجر جنرل ایچ ایس ساہی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ وہ یہ پروجیکٹ (ریڈیو سٹیشن) شمالی کشمیر میں لا پائے ہیں۔
انہوں نے کہا: 'اس کو شروع کرنے کے لئے کئی ماہ تک کام ہوا ہے۔ ہم نے آج اس سروس کو رسمی طور پر شروع کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اس سہولیت سے پورا شمالی کشمیر لطف اندوز ہوگا۔ یہ یہاں کے عوام کے لئے تفریح کی ایک سہولیت ہے۔ تفریح کا ذریعہ ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں کی انتظامیہ اس سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ ان کے جو مقامی سطح کے اعلانات ہوں گے، وہ اس ایف ایم سٹیشن کے ذریعے لوگوں تک پہنچا سکتے ہیں'۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'اس کے ذریعے مقامی ٹیلنٹ کو بھی سامنے لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کے ذریعے یہاں کے باصلاحیت لوگوں کو پرفارم کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم ملے گا۔ یہ ایک اہم ٹول ہے جس کے ذریعے یہاں کے لوگ آپس میں جڑ سکتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ پروجیکٹ کامیاب ثابت ہوگا۔ چار ماہ پہلے ہم نے ضلع اننت ناگ میں بھی ایک کمیونٹی ریڈیو چالو کیا۔ اگلے چند ماہ کے اندر مزید دو ایف ایم سٹیشن کھولے جائیں گے'۔
(یو این آئی)