بارہمولہ: جموں وکشمیر پولیس نے سابق ایس ایس پی کی ہلاکت میں ملوث افراد کے بارے میں اطلاع فراہم کرنے والے شخص کو پانچ لاکھ روپیہ بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق بارہمولہ پولیس نے جمعے کے روز شیری اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے جس میں تحریر کیا گیا ہے کہ سابق ایس ایس پی محمد شفیع میر ولد عبدالاحد میر ساکن گانٹہ مولہ بالا کو 24 دسمبر بروز اتوار کے روز نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔
پولیس کے مطابق ہر خاص و عام کو بذریعہ پوسٹر مطلع کیا جاتا ہے کہ سابق ایس ایس پی کی ہلاکت میں ملوث افراد کے بارے میں مفید اطلاع فراہم کرنے والے شخص کو نقدی پانچ لاکھ روپیہ انعام دیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اطلاع دینے والے کا نام صغیہ راز میں رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں:
نم آنکھوں سے ریٹائرڈ ایس ایس پی محمد شفیع سپرد خاک
بارہمولہ میں سابق پولیس افسر فائرنگ میں ہلاک
واضح رہے کہ بارہمولہ کے شیری علاقے میں اتوار کی علی الصبح مشتبہ عسکریت پسندوں نے مسجد میں ایک سابق ایس ایس محمد شفیع کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ سابق ایس ایس پی جموں و کشمیر پولیس سے سنہ 2012 میں ریٹائر ہوئے تھے۔سابق ایس ایس پی کی ہلاکت کے بعد بارہمولہ پولیس نے متعدد افراد سے پوچھ تاچھ کی، جبکہ زائد از تین درجن بارہ بور رائفلوں کو بھی تحویل میں لیا گیا ہے۔
(یو این آئی)