جموں و کشمیر پولیس نے شمالی ضلع بارہمولہ میں ایک عسکری معاون کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بارہمولہ میں منگل کے روز عسکری تنظیم ٹی آر ایف کے ایک ساتھی کو گرفتار کیاہے۔
بیان کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ بارہمولہ ہندواڑہ شاہراہ پر عسکریت پسندوں اور ان کے معاونین کی نقل و حرکت سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر حرکت میں آگئی اور جہلم اسٹیڈیم کے قریب پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ ناکہ لگایا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تقتریباً 6 بجے کے قریب ایک آلٹو گاڑی زیر نمبر ایک JK05G 1675 بارہمولہ سے ہندواڑہ کی طرف جارہی تھی اور ناکہ پارٹی کو دیکھتے ہی ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی۔تاہم پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
محبوبہ مفتی نے بی جے پی سے اتحاد ختم ہونے کی وجہ بتائی
پولیس ترجمان نے بتایا کہ کار سے تین ہینڈ گرینڈ، 13 ہزار نقد روپیے اور چارکول کا ایک بیگ برآمد ہوا۔ موقع پر کی گئی تفتیش کے مطابق گرفتار شدہ نے اپنی شناخت آصف گل ولد غلام محمد کے بطور بتائی ہے۔ اس نے اعتراف کیا کہ وہ ٹی آر ایف کے لیے او جی ڈبلیو کی حیثیت سے کام کر رہا ہے۔
پولیس بیان کے مطابق گرفتار شدہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ اس وقت پاکستان زیر انتظام کشمیر میں مقیم ایک عسکریت پسند سے رابطے میں تھا۔
پولیس نے اس ضمن میں تھانہ بارہمولہ میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔