بارہمولہ (جموں کشمیر) : شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں جموں و کشمیر پولیس نے پولیس لائن سوپور میں پانچ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے جسمانی طور معذور اور ضرورت مند افراد میں پچیس ٹرائی سائیکل تقسیم کیے۔ پولیس بیان کے مطابق ہندوارہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، اور سوپور (پولیس اضلاع) سے تعلق رکھنے والے ان معذور اور مفلس افراد کو کو ایک تقریب کے دوران ٹرائیسکل فراہم کیے گئے۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب کے دوران ڈی آئی جی، شمالی کشمیر رینج، وویک گپتا بحیثیت مہمان خصوصی موجود رہے اور مستحق افراد میں ٹرائیسکل تقسیم کیے۔ تقریب میں دیگر اعلیٰ پولیس افسران بشمول ایس ایس پی بانڈی پورہ، ایس ایس پی بارہمولہ، ایس ایس پی سوپور بھی موجود رہے۔ معذور اور مستحق افراد، جن کو ٹرائیسکل فراہم کیے گئے، اور ان کے اہل خانہ پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ ’’ہم عرصہ دراز سے منتظر تھے کہ کب ہمارا یہ خواب پورا ہو گا۔ اور ہمیں بھی ٹرائیسکل دیا جائے، ہماری یہ ضرورت پولیس نے پوری کی جس کے لیے ہم ان کے ممنون ہیں۔‘‘
مزید پڑھیں: Tricycle Distributed معذوروں کے درمیان ٹرائی سائیکل تقسیم
تقریب کے حاشیہ پر ڈی آئی جی نارتھ کشمیر نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’پولیس ہمیشہ لوگوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، لوگوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ عوام کو راحت پہنچانے کے لیے بھی پولیس پر عزم ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے مختلف اسکیمیں وضع کی جاتی ہیں جن کی رو سے معذور افراد کی خدمت کی جاتی ہے تاہم پولیس بھی وقتاً فوقتاً اس طرح کے پروگرامز انجام دے رہی ہے تاکہ ضرورتمند افراد کو رحت پہنچ سکے۔ قبل ازیں سوپور پولیس کی جانب سے سیوک ایکشن پروگرام کے تحت مختلف اسکولوں میں زیر تعلیم مستحق طلبہ کو اسکول کٹس بھی تقسیم کئے جا رہے ہیں جن میں رفیع آباد، زینہ گیر اور سوپور کے مضافاتی علاقے قابل ذکر ہیں۔