بظاہر ان کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نہال پورہ پٹن میں منگل کی صبح ایک ہی خاندان کے تین افراد بستر پر مردہ حالت میں پائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسیوں نے فوراً پولیس کو مطلع کیا جس کے بعد متعلقہ پولیس تھانے سے ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی۔
ہلاک شدگان کی شناخت محمد مقبول لون، ان کی اہلیہ حسینہ بیگم اور کمسن بیٹے طالب مقبول کے بطور ہوئی ہے۔
قاضی گنڈ-بانہال فور لین ٹنل اپریل میں مکمل ہوگی
ایک رپورٹ کے مطابق منگل کی صبح جب محمد مقبول کے پڑوسی یہ دیکھنے کے لیے ان کے گھر پہنچے کہ وہ نیند سے کیوں نہیں اٹھے تو انہوں نے وہاں محمد مقبول، ان کی بیوی اور بیٹے کو مردہ حالت میں پایا۔
پڑوسیوں کے مطابق کمرے کے اندر ایک الیکٹرک ہیٹر تھا اور بظاہر تینوں کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔