گزشتہ روز سوپور میں عسکریت پسندوں کے حملہ میں زخمی ہوئے کائونسلر زخموں کی تاب نہ لاکر منگل کی صبح فوت ہو گئے۔ انہیں آبائی علاقے میں پر نم آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا۔
بتا دیں کہ ضلع بارہمولہ کے قصبہ سوپور میں گزشتہ روز عسکریت پسندوں نے میونسپل کونسل سوپور دفتر میں حملہ کرکے دو کائونسلروں اور ایک ایس پی او کو شدید زخمی کر دیا تھا۔ گرچہ زخمیوں کو فوری طور اسپتال پہنچایا گیا تاہم کائونسلر ریاض احمد اور ایک ایس پی او راستے میں ہی دم توڑ بیٹھے۔
حملہ میں ریاض احمد کے خسر پیر شمس الدین بھی شدید زخمی ہو گئے تھے جو زخموں کی تاب نہ لاکر آج صبح اسپتال میں فوت ہو گئے۔
انکی جسد خاکی انکے آبائی علاقہ پہنچتے ہی وہاں کہرام مچ گیا۔
پیر شمس الدین اور ریاض احمد کے لواحقین نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے نے انکی زندگی کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’ہم بے سہارا اور بے یار و مددگار ہو گئے۔‘‘
لواحقین نے مزید کہا کہ انکے گھر میں اب کمانے والا کوئی نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہلاک کیے گئے کائونسلر لوگوں کی خدمت کے لیے نکلے تھے کسی کو نقصان پہنچانے کے لیے نہیں۔ آخر انہیں کس جرم کی سزا دی گئی۔‘‘