ٹنگمرگ: جموں وکشمیر کی کرائم برانچ نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں سیاحتی مقام ٹنگمرگ میں غیر قانونی طور پر سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کے الزام میں تین افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی۔ کرائم برانچ کشمیر کی اکنامک اوفینسیو ونگ نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کنزر علاقے میں غیر قانونی طور پر سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کے الزام میں تین ملزمین کے خلاف چارج شیٹ پیش کی۔ ذرائع کے مطابق کرائم برانچ کشمیر کی ایف آئی آرزیر نمبر 28/2018 u/Ss 420, 447-A اور 120-B RPC میں چارج شیٹ دائر کی گئی ہے ۔جوڈیشل مجسٹریٹ ٹنگمرگ کی عدالت میں کنزر کے علاقے دھوبی ون میں سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے میں ملوث ہونے کے الزام میں تین افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی جس پر ابتدائی تحقیقات کے بعد فرد جرم دائر کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:
پریس نوٹ کے مطابق کیس کے مختصر حقائق یہ ہیں کہ کرائم برانچ کشمیر کو ایک شکایت موصول ہوئی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ محمد نجیب گونی ولد عبدالغنی گونی ساکن باغات برزلہ، سری نگر کے کچھ مقامی زمین دلالوں جن میں غلام محمد بٹ ولد عبدالعزیز بٹ،ساکنہ عثمان بنگل، کرہامہ، ضلع بارہمولہ اور محمد اشرف وانی ولد محمد منور وانی، ساکن اٹیکو، کرہامہ، ضلع بارہمولہ شامل ہیں، کے ساتھ ملی بھگت کرکے دھوبی ون میں واقع تقریباً 25 کنال کی سرکاری اراضی پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا تھا۔
اس دوران ابتدائی طور پر ملزمان کی طرف سے مجرمانہ کارروائیوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔ اسی کے مطابق پولیس اسٹیشن کرائم برانچ کشمیر میں سال 2018 میں فوری مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔ اس میں مزید کہا گیا کہ کیس کی تفتیش کے دوران جمع کیے گئے شواہد سے ثابت ہوا ہے کہ ملزمان نے مجرمانہ سازش رچی اور زمین پر غیر قانونی قبضہ کیا۔ چارج شیٹ عدالتی فیصلہ کے لیے عدالت میں پیش کر دی گئی ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔