ضلع بارہمولہ میں سوپور قصبہ کے تجر شریف علاقے میں پتھر کی کان میں کام کرنے والے غریب مزدور اور ٹرانسپورٹرز اس وقت کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔
منگل کو کان میں کام کر رہے درجنوں مزدوروں اور ڈرائیورز نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاج کر رہے افراد کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے کان کو بند کرنے کے فیصلے سے سینکڑوں افراد نان شبینہ سے محروم ہو گئے ہیں۔
احتجاج کر رہے مقامی مزدوروں نے دعویٰ کیا کہ وہ اس کان میں پچھلے ساٹھ برسوں سے کام کر رہے ہیں اور علاقے کی بیشتر آبادی کا روزگار بالواسطہ یا بلاواسطہ اسی کان سے منسلک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کان میں کام بند ہونے سے علاقے کی اکثر آبادی فاقہ کشی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔
احتجاج کر رہے لوگوں نے بتایا کہ اس ضمن میں انہوں نے اعلیٰ انتظامیہ سے کئی بار گزارش کی، تاہم ان کے مطابق یقین دہانیوں کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔
انہوں نے ضلع اور ایل جی انتظامیہ سے کان میں کام کو بحال کئے جانے کا مطالبہ کیا۔