بارہمولہ (جموں کشمیر) : ڈپٹی کمشنر بارہمولہ، منگا شیرپا، کی صدارت میں معروف سیاحتی مقام اور اسکی ریزارٹ گلمرگ میں موسم سرما کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں مختلف شعبوں کے نمائندے شریک ہوئے، جنہوں نے بنیادی ڈھانچے، حفاظت اور ضروری خدمات کی دستیابی پر توجہ مرکوز کی، تاکہ سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لیے موسم سرما میں بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں برفباری کے دوران گلمرگ - ٹنگمرگ سڑک کو قابل رسائی رکھنے، بجلی اور پانی کی فراہمی میں رکاوٹ سے بچنے اور صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے پر غور کیا گیا۔ سڑکوں پر سے برف صاف کرنے کے لیے اضافی مشینری تعینات کرنے پر زور دیا گیا تاکہ عوام خاص کر سیاحوں کو سفر میں کوئی دقت نہ ہو۔ پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور جل شکتی محکموں نے بجلی اور پانی کی سپلائی برقرار رکھنے کے لیے اپنے پلان کا اشتراک کیا۔
صحت کے شعبے میں ہنگامی طبی خدمات، ایمبولینسوں کی دستیابی اور فوری رسپانس ٹیمیں تشکیل دی جائیں گیں تاکہ برفباری کے دوران کسی بھی حادثے سے نمٹنے میں سہولت ہو۔ محکمہ سیاحت نے ہوٹلوں اور رہائش گاہوں کو موسم سرما کے لیے تیار رکھنے کی تصدیق کی اور سیاحوں کے لیے تمام سہولتوں کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ ڈائریکٹر سیاحت، کشمیر، راجہ یعقوب فاروق نے بھی موسم سرما کی سیاحتی تیاریوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ ’’سیاحتی سہولتیں مکمل فعال اور محفوظ ہوں۔‘‘
ایس ایس پی ٹریفک، رورل کشمیر، رویندر پال سنگھ نے ٹریفک مینجمنٹ اور حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی تاکہ موسم سرما کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔ اجلاس میں تمام شرکاء نے سیاحوں اور مقامی افراد کے لیے ایک محفوظ اور خوشگوار موسم سرما کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: گلمرگ میں رواں برس کی پہلی برفباری سے موسم خوشگوار - Snowfall in Gulmarg
گلمرگ میں بغیر اجازت خیمہ زنی پر پابندی عائد - Camping Banned in Gulmarg