سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آج صبح شمالی کشمیر کے رفیع آباد کے رہنے والے ایک 52 سالہ شخص کی اس وبا سے موت واقع ہو گئی۔
وہیں اس شخص کے افراد خانہ نے ہسپتال انتظامہ پر لاپروائی برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال انتظامہ کی عدم توجہی کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں محض 24 گھنٹوں کے دوران 4 افراد کی کورونا وائرس کی وجہ سے موت ہوچکی ہے اور اب اس وبائی مرض سے مرنے والوں کی کل تعداد بڑھ کر 17 ہوگئی ہے۔
گزشتہ روز سرینگر کے ڈلگیٹ علاقہ میں واقع امراض سینہ کے ہسپتال میں زیر علاج کورونا وائرس کے تین معمر مریضوں کی موت واقع ہوئی۔
متوفین میں سے دو کا تعلق ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ سے تھا جن میں سے ایک کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھی۔ تیسرے متوفی مریض کا تعلق ضلع کولگام کے سوچ نامی علاقے سے تھا جو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئی۔ تینوں کی عمر 65 سے 75 برس کے درمیان تھی۔
اس دوران جموں وکشمیر میں پیر کے روز کورونا وائرس کے 106 نئے کیسز سامنے آئے جس کے ساتھ اب تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد بڑھ کر 1289 ہوگئی ہے۔ 106 نئے کیسز میں سے 94 صوبہ کشمیر اور دیگر 12 صوبہ جموں سے سامنے آئے ہیں۔
حکومت کی طرف سے جاری بلیٹن کے مطابق پیر کو 34 مریضوں کو صحتیاب ہونے کے بعد مختلف ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا ہے۔ اب تک صحتیاب ہوکر ہسپتالوں سے رخصت کئے جانے والے افراد کی تعداد 609 ہے۔ ایکٹو کیسز کی تعداد 665 ہے۔
کورونا وائرس کے جو 106 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ان میں سے ضلع پولیس لائنز اننت ناگ میں تعینات 55 پولیس اہلکار اور سری نگر کے تین بڑے ہسپتالوں کے پانچ ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔
پیر کو سب سے زیادہ 59 کیسز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے سامنے آئے جبکہ سرینگر اور کولگام اضلاع سے بالترتیب بارہ بارہ کیسز سامنے آئے۔