جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کے پیش نظر مختلف سیاسی پارٹیوں کی جانب سے تشہیری مہم کے دوران ضلع بانڈی پورہ میں قانون ساز کونسل کے سابق رکن یاسر رشی نے گپکار الائنس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گپکار الائنس کی بنیاد ہی جھوٹ پر مبنی ہے اور اس میں شامل رہنما جھوٹے ہیں جو یہاں وادی کی عوام کو دفعہ 370 کے نام پر گمراہ کر رہے ہیں۔
بانڈی پورہ کے شاہ گنڈ میں انتخابی مہم کے دوران یاسر ریشی کے علاوہ کانگریس پارٹی کے ضلع صدر امتیاز پرے بھی موجود تھے، یہ دونوں رہنما نائدکھے حلقے سے بطور آزاد امیدوار نور محمد بٹ کے حق میں تشہیری مہم چلا رہے تھے۔
امتیاز پرے اور یاسر ریشی نے بانڈی پورہ میں ڈی ڈی سی انتخابات پر اتحاد کیا ہوا ہے اور گپکار اتحاد کی جانب سے کھڑے کیے گئے ڈی ڈی سی امیدواروں کے مقابلے میں اپنے امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔
یاسر ریشی نے اس دوران ایک جلسے میں اپنے حامی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گپکار اتحاد لوگوں کو ایک بار پھر دھوکہ دینے کی کوشش کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی انتخابات زمینی سطح پر تعمیر و ترقی کے کاموں کے لیے ہیں، اس کا دفعہ370 یا 35A سے کوئی تعلق نہیں ہے، گپکار اتحاد کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دیا جارہا ہے کہ اب جموں و کشمیر کے خصوصی درجے کو بحال کیا جائے گا جو سراسر جھوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی واپسی کے نام پر یہ لوگ اپنی سیاست کر رہے ہیں اور عام لوگوں کو ایک بار پھر بیوقوف بنا رہے ہیں، یاسر ریشی نے صاف طور پر کہا کہ گپکار اتحاد کی بنیاد ہی جھوٹ اور دھوکے پر مبنی ہے لہذا وہ لوگوں کو دھوکے اور گمراہی میں رکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کا چھٹا مرحلہ آج اختتام پذیر ہوگیا ہے جس میں ووٹنگ کی شرح 51.51 فیصد درج کی گئی ہے، یہ انتخاب 8 مرحلوں میں انجام دیا جائے گا اور نتائج کا اعلان 22 دسمبر کو کیا جائے گا۔