بانڈی پورہ کے تحصیل الوسہ میں واقع مولوی محلہ کے لوگوں نے چندہ جمع کر سڑک کی تعمیر کرائی ہے۔ لوگوں کے مطابق انتظامیہ نے ان کی مدد نہیں کی۔ مقامی لوگوں نے چھ لاکھ روپے میں سڑک تعمیر کرائی۔ لوگوں کو یہ پیسے جمع کرنے میں تین سال لگ گئے۔
ضلع بانڈی پورہ کے تحصیل الوسہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا کہنا ہے سڑک کی تعمیر کے لیے انہوں نے ہر سرکاری دفتر کا دروازہ کھٹ کھٹایا، لیکن کہیں بھی ان کی فریاد نہیں سنی گئی۔
انہوں نےکہا کہ وہ اس وقت کے ضلع ترقیاتی کمشنر کے پاس بھی گئے۔ ان کی یقین دہانی کے باوجود کبھی بھی ان کے مطالبے کو پورا نہیں کیا گیا۔ بالآخر تنگ آکر اور ساری امیدیں ختم ہونے کے بعد انہوں نے تین سال قبل اپنی مدد آپ کرنے کا فیصلہ لیا۔ اس بعد پیسے جمع کر کے خود ہی سڑک کی تعمیر کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: بانڈی پورہ : رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے عوام پریشان
مولوی محلے کے تقریباً سبھی گھر پسماندگی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے چندہ جمع کر کے چھ لاکھ روپے جمع کیے۔ اس میں انہیں تقریباً تین سال کا وقت لگا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر تین سال قبل انہوں نے یہ فیصلہ نہیں لیا ہوتا تو شاید وہ آج بھی اپنا یہ دیرینہ مطالبہ لے کر در در کی ٹوکریں کھا رہے ہوتے۔ ان کا کہنا ہے کہ بروقت اور باہمی اتحاد کے باعث انہوں نے مزید تین سال ضائع ہونے سے بچا لیے۔