نیو لائٹ سومو اسٹینڈ باندی پورہ سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں سومو ڈرائیورس نے جمعہ کو خاموش احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ سے بقایا رقم ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے کہا کہ اگر ان کے مطالبات پر فی الفور توجہ نہ دی گئی تو وہ یا تو وہ شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے یا پھر انہیں مجوراً اپنے روزگار سے کنارہ کش ہونا پڑے گا۔
احتجاجی ڈرائیوروں کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران انہوں نے انتظامیہ، محکمہ مال اور محکمہ صحت کے لئے کئی گاڑیاں فراہم کی تھیں، جن کی رقم ابھی تک واگزار نہیں کی گئی۔
ضلع بانڈی پورہ کے اسسٹنٹ کمشنر ریونیو نے بقایہ رقم کے حوالے سے کہا کہ ’’جوں ہی فنڈس واگزار ہوتے ہیں، ڈرائیوروں کے بقایہ جات کو فوری طور پر ادا کیا جائے گا۔‘‘
احتجاج کر رہے ڈرائیوروں کے مطابق انہیں کافی عرصہ قبل دوسری جگہ منتقل کیا گیا۔ جس جگہ اس وقت سومو اسٹینڈ موجود ہے، وہ جگہ انتہائی خستہ ہے۔ انتظامیہ نے بارہا اس کی مرمت کرنے کے حوالے سے یقین دہانی کرائی تاہم ابھی تک ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے۔ ڈرائیوروں کے مطابق خستہ حال سومو اسٹینڈ میں نہ صرف ڈرائیوروں بلکہ مسافرین کو بھی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس ضمن میں چئیرمین میونسپل کونسل بانڈی پورہ بشارت حسین نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے سبب سبھی تعمیراتی کام متاثر ہوئے اور سومو اسٹینڈ کی مرمت کے حوالے سے گزشتہ برس ٹینڈرینگ ہوئی تاہم ٹھیکہ دار نے ابھی تک کام شروع نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اگر جلد ہی کام شروع نہ کیا گیا تو اس کام کے لیے از سر نو ٹینڈرنگ کی جائے گی۔
مزید پڑھیں؛ ڈپٹی کمشنر، تحصیلدار کو معطل نہیں کرسکتا: ہائی کورٹ
احتجاج کر رہے ڈرائیوروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں بعض نجی اور سرکاری گاڑیوں کو بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جو ان کی نان شبینہ پر کاری ضرب ہے۔
اس ضمن میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ریاض احمد نے معاملے کی چھان بین کرنے اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کیے جانے کی یقین دہانی کرائی۔