مرکز کے زیرانتظام جموں و کشمیر کے محکمہ جنگلات اور آب و ہوا کی کمشنر سیکریٹری سریتا چوہان نے مشہور ولر جھیل کا دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے بانیاری کے علاقے میں ولر جھیل پر ہو رہے کام کا جائزہ بھی لیا۔
اس موقع پر کمشنر سیکریٹری کے ہمراہ پرنسپل چیف کنزرویٹر ڈاکٹر موہت گیرا کے علاوہ متعدد ضلع افسران بھی تھے۔
سریتا چوہان نے کہا کہ ویٹ لینڈس کی بحالی ان کی اولین ترجیح میں سے ہے اور ایشیا کی سب سے بڑی جھیل کی بحالی ایک بڑا چلینج ہے جسے ہر ممکن کوشش کرکے اپنی اصلی صورت میں لانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاریخی پس منظر اور اپنی خوبصورتی کے علاوہ یہ جھیل ہزاروں افراد کو روزگار بھی فراہم کرتی ہے اور اسی افادیت کے باعث گورنر انتظامیہ نے ایشیا کی سب سے بڑی اور خوبصورت جھیل کے لیے دو سو کروڑ روپے کی منظوری بھی دے دی ہے۔
فی الحال اس پر ڈریجنگ کا کام شروع کیا گیا ہے تاکہ اس کے پانی کی سطح کو بڑھایا جاسکے اور اس سلسلے میں بانیاری کے مقام پر چھ جدید طرز کی مشینیں کام پر مامور ہیں۔