شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں عوامی رابطہ پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ڈی سی بانڈی پورہ نے عوامی مسائل سننے کے علاوہ محکمہ دیہی ترقی کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران مختلف علاقوں سے آئیے ہوئے کئی وفود نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر اویس احمد سے ملاقات کی اور انہیں اپنے اپنے علاقہ جات سے متعلق روز مرہ کی زندگی میں درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا جن میں سڑکیں، پانی، بجلی، تعلیم، زراعت، آبپاشی، کھیل اور دیگر معاملات شامل ہیں۔
ڈی سی بانڈی پورہ نے عوامی مشکلات و شکایات سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو مشکلات کا جلد ازالہ کرنے کی ہدایات دیں۔
اس موقع پر ڈی سی بانڈی پورہ نے عوام کو یقین دہانی کرائی کی انتظامیہ کی جانب سے عوامی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لیے ایسے پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔
محکمہ دیہی ترقی کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ڈی سی بانڈی پورہ نے کہا کہ محکمہ عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے بہتر کام کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ ریاست کے دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے متعلق بھی سنجیدہ اقدامات اٹھائے۔
دورے پر ڈی سی بانڈی پورہ کے ہمراہ سینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ، ایگزیکٹیو انجینئر جل شکتی، ایگزیکٹو انجینئر آر اینڈ بی، بلاک ڈیولپمنٹ چیرمین، بی ڈی اوز اور ضلع کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔