نیشنل ہائیڈرل پاور کارپوریشن (این ایچ پی سی) پر سڑک پر ناجائز قبضہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ضلع بانڈی پورہ میں کرالہ پورہ کے لوگوں نے احتجاج کیا۔
ضلع کے کرالہ پورہ چک میں مقامی لوگوں نے این ایچ پی سی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ 'این ایچ پی سی کی جانب سے کشن گنگا پاور پروجیکٹ کی دیوار بندی کے دوران چک علاقے سے ملنے والی سڑک پر ناجائز قبضہ کیا جا رہا ہے۔'
قریب دو ہزار کی آبادی پر مشتمل اس علاقے کو صرف یہی ایک سڑک زمینی رابطہ فراہم کرتی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ کی وجہ سے ان کے علاقے میں ڈیولپمنٹ کے برعکس ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ ساتھ دیگر کئی نقصانات سے بھی دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔
کرالہ پورہ اور چک علاقے کے لوگوں نے این ایچ پی سی کے اس پروجیکٹ کے لئے اپنی زمینی فراہم کی تھی، انہوں نے کہا کہ زمین فراہم کرنے کے دوران ان سے نوکریاں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر کئی وعدے بھی کئے گئے تھے جو آج تک وفا نہیں کیے گئے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے این ایچ پی سی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ معاوضے کے برعکس این ایچ پی سی کی جانب سے سڑک پر قبضہ کرکے مقامی لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔