شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے نوگام سوناواری میں ہسپتال عملے کی غفلت شعاری کی وجہ سے ایک حاملہ خاتون کو کئی گھنٹوں تک نیو ٹائم پرائمری ہیلتھ سنٹر (این ٹی پی ایچ سی) کے اندر تالہ بند کر کے رکھا گیا۔ ہسپتال کا سارا عملہ نکل چکا تھا۔
مقامی لوگوں کے مطابق نوگام سے حاملہ خاتون جس کا نام مخفی رکھا گیا ہے، ایک بجے متعلقہ این ٹی پی ایچ سی علاج کے لیے گئی اور اسے وہاں پر ڈِرپ لگا دی گئی۔ تقریبا تین بجے وہاں سے سارا عملہ چلا گیا لیکن مذکورہ خاتون کو وہیں پر تالہ بند کر کے رکھا گیا۔
ہسپتال میں زیر علاج خاتون اور اس کے ساتھ ان کے ایک تیمار دار کو جب یہ محسوس ہوا کہ وہاں پر کوئی موجود نہیں ہے تو انہوں نے خود باہر نکلنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے وہاں پر تالا لگا ہوا پایا۔ جس کے بعد انہوں نے اپنے گھر والوں کو فون پر یہ اطلاع دی۔
ادھر مقامی لوگوں کو جب اس بات کی خبر ہوئی تو فوراً ہسپتال کے باہر مقامی لوگ جمع ہوئے اور ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس دوران انہوں نے متعلقہ ہسپتال کے عملے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہسپتال کے لیے زمین دینے پر معاؤضہ کا مطالبہ
اس سلسلے میں جب ای ٹی وی بھارت نے چیف میڈیکل افسر بانڈی پورہ ڈاکٹر بشیر خان سے رابطہ کرنا چاہا تو انہوں نے کئی دفعہ فون کرنے پر نہیں بھی اٹھایا۔ ادھر متعلقہ بلاک میڈیکل افسر نے اس سلسلے میں سخت کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے ای ٹی وی بھارت کو بتایا 'میں آج رخصتی پر ہوں تاہم میری نوٹس میں یہ بات پہلے ہی آ گئی ہے اور اس غفلت شعاری میں ملوث عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی'۔