قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے بانڈی پورہ کے ایک رہائشی کو کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کا ریکروٹر ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ملزم پیشے سے اسکول ٹیچر ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ الطاف احمد راتھر ولد غلام نبی ساکن اجس بانڈی پورہ کو مغربی بنگال کی رہائشی تانیا پروین نام کی ایک خاتون سے رابطے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ یہ خاتون لشکر طیبہ سے وابستہ تھیں۔ تفتیش کاروں کو پتہ چلا کہ تانیا پروین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر راتھر کے رابطے میں آئی تھیں۔
سرکاری بیان کے مطابق راتھر، تانیا پروین کو پاکستان میں مقیم تحریک لبیک نام کی تنظیم کے اراکین سے تعارف کروانے میں مدد کر رہا تھا۔ اس کا مقصد تھا کہ وہ نوجوانوں کو بھارت میں الگ الگ طرح کی کارروائیوں کے لیے تیار کرے اور اس میں بھرتی کرائے۔
این آئی اے نے جمعرات کے روز اس ٹیچر کو بانڈی پورہ میں واقع اس کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔ پروین کو گذشتہ سال مغربی بنگال پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ ان کے خلاف شمالی 24 پرگنہ ضلع کے بدورائی پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہند کی مختلف دفعات، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام (یو اے پی اے) اور انفارمیشن ٹکنالوجی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
تاہم، اس معاملے میں مزید تفتیش کرنے کے لیے این آئی اے نے اسے اپنے اختیار میں لے لیا تھا۔ 5 اپریل 2020 کو اس کیس کو دوبارہ رجسٹر کیا گیا تھا اور اس کے خلاف پہلے ہی چارج شیٹ داخل کی جا چکی ہے۔