بانڈی پورہ: نائدکھے، سوناواری میں نیشنل کانفرنس کی جانب سے ایک پارٹی اجلاس منعقد ہوا جس میں درجنوں سیاسی و سماجی کارکنوں نے سوناواری حلقہ انتخاب کے انچارج ہلال اکبر لون کی موجودگی میں نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔ قابل ذکر ہے کہ یہ سیاسی ورکران اس سے قبل جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے ساتھ وابستہ تھے تاہم انہوں نے نیشنل کانفرنس کا دامن تھاما۔ اس موقع پر پارٹی میں نئے شامل ہونے والے کارکنوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہلال اکبر لون نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں لوگوں کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لیے کام کریں اور نیشنل کانفرنس کو مضبوط کریں۔ ہلال اکبر لون نے کہا کہ اس وقت چھوٹے مسائل کو بالائے طاق رکھنے کی ضرورت ہے اور کشمیری عوام کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
ہلال اکبر لون نے مزید کہا کہ ’’نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر میں ہمیشہ اور ہر وقت زیادہ مقبول سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے اور لوگوں کو اس سے بے پناہ امیدیں وابستہ ہیں۔‘‘ لون نے مزید کہا کہ پارٹی جموں و کشمیر میں مزید مضبوط ہو رہی ہے اور اسی مقبولیت کی وجہ سے آئے روز لوگ جوق در جوق اس میں شامل ہو رہے ہیں۔ ہلال اکبر لون نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرس آنے والے کسی بھی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔ خواہ پنچایت الیکشن ہوں یا اسمبلی الیکشن ان کی جماعت الیکشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیشنل کانفرنس ایک کامیاب اور سب سے بڑی جماعت کے طور پر انتخابات میں ابھر کر سامنے آئے گی۔ ہلال لون نے مزید کہا کہ بانڈی پورہ کے مختلف علاقوں سے سرکردہ سیاسی اور سماجی کارکنوں کی شمولیت سے بانڈی پورہ ضلع میں اگلے اسمبلی انتخابات میں تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کے لیے پارٹی کے مشن کو تقویت ملے گی۔
مزید پڑھیں: Pol Activists Join BJP in Bandipora: بانڈی پورہ میں سیاسی کارکنان بی جے پی میں شامل