نمائندے کے مطابق بانڈی پورہ کی ضلع انتظامیہ نے ہفتہ کو ایک ایکشن پلان کے تحت ضلع کے ہر دیہات ہر گھر میں نل کے ذریعے پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کی غرض سے تین سو دس کروڑ روپے واگزار کیے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں آج بھی کئی علاقے ایسے موجود ہیں جہاں عوام کو پینے کا صاف پانی حاصل کرنے کے لیے روزانہ میلوں کا سفر طے کرنا پڑتا ہے۔
مرکزی معاونت والی اسکیم کے تحت ملک بھر میں سبھی گھروں تک پانی کی سپلائی کو ممکن بنانے کے لیے لاکھوں کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈی سی بانڈی پورہ شہباز احمد مرزا نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ ضلع کے تمام گھروں تک پانی کی سپلائی جلد سے جلد پہنچ جانی چاہئے۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ ضلع بھر بھی ابھی بھی چودہ سو کے قریب ایسے گھر موجود ہیں جنہیں پانی حاصل کرنے کے لئے گھر سے باہر نکلنا پڑتا ہے۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ اس اسکیم کی عمل آوری کے ذریعے ایک سو اٹھارہ دیہات میں پینے کا صاف پانی پہنچایا جائے گا۔
میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر پلانگ اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔