بانڈی پورہ: جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے اشٹینگو علاقے میں یو اے پی اے (UAPA) ایکٹ کے تحت 14 مرلوں پر مشتمل رہائشی اراضی کو قرق کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اراضی لشکر طیبہ سے وابستہ عسکری معاون عرفان احمد بٹ نامی ایک شہری کے خاندان کی ہے۔ بانڈی پورہ پولیس نے بدھ کو اس سلسلے میں سماجی رابطہ گاہ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ’’بانڈی پورہ پولیس نے ایف آئی آر نمبر 43/ 2022 کے کیس میں اشٹینگو، بانڈی پورہ میں 14 مرلوں پر مشتمل رہائشی اراضی کو ضبط کیا۔‘‘
پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا: ’’اشٹینگو گاؤں میں خسرہ نمبر 1441 کے تحت 14 مرلہ اراضی جو کہ پہلے مختار احمد بٹ ولد محمد رمضان بٹ کے والد کے نام پر رجسٹرڈ تھی، کو ’دہشت گردی کی کارروائیوں‘ کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس اراضی کی نشاندہی دہشت گردی سے حاصل ہونے والی آمدنی کے طور پر کی گئی ہے اور اس کو یو اے پی اے کے تحت منسلک کر دیا گیا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: این آئی اے نے پونچھ میں زیر سماعت عسکریت پسند معاون کی جائیدادیں منسلک کی
ایک اور پوسٹ میں کہا گیا: ’’یہ اراضی لشکر طیبہ سے وابستہ دہشت گرد معاون عرفان احمد بٹ کے خاندان کی ہے جس کا بھائی بھی سال 2000 میں پاکستان چلا گیا تھا۔‘‘ پولیس اہلکار کا مزید کہنا ہے کہ ’’مقرر کردہ اتھارٹی کی معلومات کے بغیر زمین کی منتقلی، لیز پر یا اسے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔‘‘