بانڈی پورہ:انسپکٹر جنرل آف پولیس وی کے بردی نے ہفتے کے روز شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں ایک سکیورٹی میٹنگ کی صدارت کرکے تازہ ترین سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر پیشگی اقدامات کریں
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آئی جی پی کشمیر وی کے بردی نے بانڈی پورہ میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران سکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران ضلع کے سکیورٹی منظر نامے کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث آئے۔ان کا کہنا تھا کہ موصوف آئی جی پی نے ضلع کو درپیش موجودہ سکیورٹی خطرات و چیلنجز کی تشخیص پر زور دیا۔
پولیس بیان کے مطابق وی کے بردی نے افسروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی سکیورٹی واقعے سے نمٹنے کے لئے فوری کارروائیوں کو یقینی بنائیں۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ 'آئی جی پی نے مجموعی سکیورٹی صورتحال کے استحکام کے لئے مختلف قابون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط تعاون ہونے پر زور دیا'۔انہوں نے کہا کہ موصوف آئی جی پی نے سکیورٹی ایجنسیوں اور عوام کے درمیان تعاون اور اعتماد کی بنیادوں پر مثبت تعلقات قائم کرنے کے احکامات صادر کئے۔
بیان کے مطابق انہوں نے انٹیلی جنس شیئرنگ میکانزم کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔انہوں نے موجودہ سکیورٹی انفرا سٹرکچر اور صلاحیتوں کو بڑھانے کی خاطر جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لینے کا بھی فرمان جاری کیا۔ آئی جی کشمیر نے ٹیکنیکی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ہیومن انٹیلی جنس کو مزید وسعت دینے کے احکامات صادر کئے تاکہ سماج اور ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ انہوں نے آفیسران پر زور دیا کہ وہ موجودہ صورتحال پر گہری نظر گزر رکھیں اور پر امن حالات میں رخنہ ڈالنے والے افراد کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائے۔
مزید پڑھیں:
آئی جی کشمیر نے میٹنگ کے دوران منشیات کا قلع قمع کرنے کی خاطر اٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں آگاہی حاصل کرتے ہوئے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں منشیات کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کی خاطر آپریشنز میں مزید تیزی لائیں ۔
اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ڈی آئی جی بارہ مولہ وویک گھپتا، ایس ایس پی بانڈی پورہ لکشے شرما ، ایس پی بانڈی پورہ سندیپ بٹ کے علاوہ دوسرے سینئر آفیسران نے شرکت کی۔
(یو این آئی)