ضلع بانڈی پورہ میں سرحدی تحصیل گریز میں کورونا وائرس کے مثبت معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی گریز میں لاک ڈاؤن سختی سے نافذ کیا گیا۔
بانڈی پورہ کی سرحدی تحصیل گریز میں تین خواتین کے ٹیسٹ مثبت آنے کے ساتھ ہی ضلع انتظامیہ نے گریز - بانڈی پورہ شاہراہ کو عوامی ٹریفک کی نقل و حمل کے لیے بند کر دیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے جمعرات کو گریز میں کاروباری اور دیگر سرگرمیوں کی اجازت نہ دیتے ہوئے سختی کے ساتھ لاک ڈاؤن کا نفاذ عمل میں لایا۔
ادھر بانڈی پورہ میں بھی مکمل لاک ڈاؤن نافذ رہا جبکہ سڑکوں پر جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں۔ ضلع بانڈی پورہ میں بھی تمام تر کارباری سرگرمیاں بند رہیں۔
ڈی سی بانڈی پورہ رویندر کمار کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں مزید مثبت کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی بانڈی پورہ مارکیٹ کو فی الحال بند کرنے کے احکامات صادر کیے گئے ہیں تاکہ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔