حکام نے جمعرات کے روز شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے سی اے خان گاؤں میں تدفین پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے پر ایک متوفی کووڈ 19 مریض کے کنبہ کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ گاؤں سی اے خان کے رہائشی کو جے وی سی اسپتال سرینگر میں داخل کرایا گیا تھا اور کووڈ 19 انفیکشن کے باعث بدھ کے روز اس کی موت ہوگئی۔ تاہم اس کے گھر والوں نے تدفین کے دوران کووڈ ایس او پیز کا پاس و لحاظ نہیں رکھا۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کووڈ 19 وبا سے متعلق جاری کی گئی ہدایات کے مطابق میت کو تدفین کے مقصد سے ایمبولینس میں گھر لایا گیا تھا۔
تاہم، لواحقین کثیر تعداد میں جمع ہوئے اور حکومت کی جانب سے وقتاً فوقتاً بتائے گئے رہنما اصولوں پر عمل نہیں کیا اور جنازے میں بڑی تعداد میں جمع ہوئے جو عوامی صحت کے لئے بڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر تھانہ بانڈی پورہ میں درج کی گئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔