بانڈی پورہ: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ضلع بانڈی پورہ کے سادونارہ علاقے میں کارکنوں کا ایک اجلاس منعقد کیا جس میں پارٹی سے وابستہ درجنوں کارکنان نے شرکت کی۔ یہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا یہاں حال ہی میں منعقد ہونے والے ڈی ڈی سی انتخابات کے بعد پہلا اجلاس تھا جس میں متعدد ایسے سیاسی کارکنوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی جو اس سے قبل، نیشنل کانفرنس، پیپلز کانفرنس اور دیگر کئی جماعتوں کا حصہ تھے۔ BJP Bandipora Holds Party Convention in Sonawari
پروگرام کی صدارت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر بانڈی پورہ، نصیر احمد لون، نے کی اس کے علاوہ تقریب میں ان کے ساتھ سوناواری حلقہ انتخاب کے کانسٹیٹیونسی انچارج، بلال احمد، اور پارٹی کے دیگر سینئر افراد بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران بی جے پی ضلع صدر بانڈی پورہ کی موجودگی میں دیگر سیاسی جماعتوں کے متعدد کارکنوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور اس پارٹی کے ساتھ آگے چلنے کا عزم دہرایا۔
نصیر لون اور دیگر لیڈران نے پارٹی میں شامل ہونے والے نئے کارکنان کا والہانہ استقبال کیا اور انہیں اس بات کی یقین دہانی کرائی گی کہ ان کے تمام مسائل کو حل کیا جائے گا۔ میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر نصیر احمد لون نے کہا کہ ’’نئے ورکران کی شمولیت سے بی جے پی پارٹی گراس روٹ لیول پر مزید مضبوط ہو گی۔‘‘
مزید پڑھیں: رانا کا بی جے پی میں شامل ہونا بڑے منصوبے کا حصہ: سوز
نصیر لون نے اس موقع پر نیشنل کانفرنس، پیپلز کانفرنس، اپنی پارٹی اور کانگریس لیڈران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’دیگر سیاسی رہنماؤں نے اس علاقے کی فلاح و بہبود کے لئے کچھ نہیں کیا ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’سالہا سال سے وہ اس علاقے میں بس انتخابات کے دوران ووٹ بٹور کر چلے گئے تاہم اس علاقے کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔‘‘ انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ ’’بھارتیہ جنتا پارٹی اس علاقے کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرے گی۔‘‘