ضلع بانڈی پورہ کے ترک پورہ علاقے کے ایک پہاڑی علاقے میں رہائش پذیر لوگ سرکار و ضلع انتظامیہ سے گاڑیوں کے لیے نہیں بلکہ پیدل چلنے کے لائق راستہ تعمیر کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
بارش ہو یا تیز دھوپ، منفی درجہ حرارت ہو برفباری ترک پورہ کے باشندوں کو پر خطر راستے سے ہر روز سفر کرنا پڑتا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ بستی میں کینسر کے عارضے میں مبتلا افراد کو حیات بخش ادویہ حتی کہ آکسیجن سلینڈر پہنچانے میں لوگوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کو پر خطر راستے اور برفیلی ڈھلانوں پر جان ہتھیلی پر رکھ کر آکسین سلینڈر کھندوں پر اٹھا کر لے جانا پڑتا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے پنچایت اور پھر ڈی ڈی سی انتخابات میں محض پیدل چلنے کے لائق روڑ تعمیر کیے جانے کے لیے ووٹ دئے۔ انکے مطابق سبھی سیاسی جماعتیں وعدہ تو کرتی ہیں تاہم کبھی وہ وعدے وفا نہیں کیے جاتے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ’’علاقے میں ایک سیڑھی تعمیر کئے جانے سے متعلق سرپنچ، بی ڈی سی اور ڈی ڈی سی امیدواروں سمیت بلاک آفس آلوسہ میں کئی بار گزارشات کیں، تاہم اس جانب انتظامیہ اور عوامی نمائندوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔‘‘
مقامی باشندوں نے ضلع انتظامیہ سے علاقے پر رحم کرتے ہوئے پیدل چلنے لائق راستہ تعمیر کیے جانے کی اپیل کی۔