شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے سمبل سوناواری میں درجنوں طلبہ کالج میں داخلہ نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہیں۔ درجنوں ایسے طلبہ ہیں جنہوں نے بارہویں جماعت کا امتحان پاس کیا ہے اور اب کالج میں داخلہ لینا چاہتے ہیں۔ انہیں ڈگری کالج سمبل میں داخلہ نہیں مل رہا ہے۔
طلبہ نے بتایا 'ہم سمبل ڈگری کالج کے آس پاس والے علاقوں میں رہتے ہیں لیکن اس کے باوجود ہمیں داخلہ نہیں دیا جارہا ہے'۔
ادھر، سمبل ڈگری کالج انتظامیہ کا کہنا ہے 'انہیں یونیورسٹی کی جانب سے رواں سال ہدایات موصول ہوئی ہیں کہ رواں سال صرف 640 طلبا کو کالج میں داخلہ فراہم کیا جائے۔ اس کے لیے ہم نے پہلے ہی فارم تقسیم کیے ہیں'۔
کالج کے پرنسپل نے ای ٹی وی بھارت کو فون پر بتایا 'انہیں اس بارے میں مسلسل طلبہ کی شکایت موصول ہورہی ہیں کیونکہ گذشتہ برس مذکورہ کالج میں 11 سو کے قریب طلبہ کو داخلہ ملا تھا لیکن اس سال انہیں صرف 650 طلبہ کو داخلہ دینے کی اجازت دی گئی ہے اور ہم اس سے مزید طلبہ کو داخلہ نہیں دے سکتے'۔
یہ بھی پڑھیے
مولانا ولی رحمانی کا انتقال ناقابل تلافی نقصان: مولانا رابع حسنی ندوی
انہوں مزید بتایا 'ہم نے یونیورسٹی انتظامیہ کو اس بارے میں لکھا ہے اور ہم پر امید ہے کہ مزید طلبہ کو بھی داخلہ فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں گے'۔